اسلام آباد: پاکستان میں 7 ستمبر 2025 (اتوار) کی رات ایک شاندار فلکی مظہر کا مشاہدہ کیا جائے گا، جب آسمان پر مکمل چاند گرہن رونما ہوگا۔ ماہرین فلکیات کے مطابق یہ ایک "Blood Moon” یعنی سرخ چاند ہوگا، جو پورے ملک میں بغیر کسی خاص آلات کے باآسانی دیکھا جا سکے گا۔

تفصیلات کے مطابق، چاند گرہن کا آغاز رات 8:28 بجے ہوگا اور یہ مرحلہ وار جاری رہتے ہوئے صبح 1:55 بجے اپنے اختتام کو پہنچے گا۔ اس دوران گرہن کا مکمل اثر تقریباً 82 سے 83 منٹ تک جاری رہے گا جبکہ پورے عمل کی مجموعی مدت 5 گھنٹے 27 منٹ ہوگی۔
یہ نایاب منظر کراچی، لاہور، اسلام آباد سمیت ملک کے تمام بڑے شہروں میں واضح طور پر نظر آئے گا۔ ماہرین کے مطابق، مکمل گرہن کے دوران چاند کا رنگ سرخ مائل ہو جائے گا، جو کہ زمین کے سائے کے سبب ہوتا ہے جب سورج کی روشنی براہ راست چاند تک نہیں پہنچ پاتی۔
عوام کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اس فلکی مظہر کا مشاہدہ کھلی فضا میں کریں۔ گرہن کو عام آنکھ سے بھی دیکھا جا سکتا ہے، تاہم اگر دوربین یا ٹیلی اسکوپ استعمال کی جائے تو یہ منظر اور بھی زیادہ خوبصورت اور حیرت انگیز محسوس ہوگا۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ قدرتی مظہر نہ صرف سائنسی دلچسپی کا حامل ہے بلکہ عام شہریوں کے لیے بھی ایک یادگار نظارہ بن سکتا ہے۔
