سروسز چیفس کا یوم دفاع پر شہدا اور ان کے خاندانوں کو خراج عقیدت
فیلڈ مارشل آرمی چیف سید عاصم منیر، جنرل ساحر شمشاد مرزا، ایڈمرل نوید اشرف اور ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو نے یوم دفاع و شہدا کے موقع پر شہدا اور ان کے خاندانوں کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ آئی ایس پی آر کے بیان کے مطابق چھ ستمبر انیس سو پینسٹھ پاکستانی قوم کے عزم اور بہادری کی علامت ہے جب ہمارے سپاہی دشمن کی جارحیت کے خلاف ایک ناقابل شکست دیوار بن کر کھڑے ہوئے اور دشمن کے تمام عزائم کو ناکام بنایا۔ بیان میں کہا گیا کہ یہ قربانیاں ہمیں یاد دلاتی ہیں کہ ایک متحد قوم کو کبھی شکست نہیں دی جا سکتی۔ پاک فوج نے نہ صرف دفاع وطن میں کردار ادا کیا بلکہ قدرتی آفات میں بھی ہمیشہ عوام کا ساتھ دیا ہے۔ آج ہم شہدا، غازیوں اور ان کے خاندانوں کو سلام پیش کرتے ہیں اور اس عہد کی تجدید کرتے ہیں کہ پاکستان کے دفاع کے لیے ہر خطرے کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے، اور کسی بھی شرپسند کوشش کو منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
