پاکستان ریلوے کی 8372 مرلے زمین پر نجی و سرکاری اداروں کا قبضہ، آڈٹ رپورٹ میں انکشاف

0

پاکستان ریلوے کی پانچ ارب 63 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 8 ہزار 372 مرلے سے زائد اراضی پر نجی و سرکاری اداروں کی تجاوزات قائم ہیں۔ آڈٹ رپورٹ میں زمینوں پر قبضے سے متعلق سنگین انکشافات سامنے آگئے۔

ریلوے آڈٹ رپورٹ برائے 25-2024ء میں پاکستان ریلوے کی قیمتی اراضی پر نجی اور سرکاری اداروں کے قبضے کا انکشاف ہوا ہے۔

رپورٹ کے مطابق ریلوے کی قیمتی اراضی پر نجی اور سرکاری اداروں کی جانب سے تجاوزات قائم کرلی گئی ہیں، ریلوے کی 8 ہزار 372 مرلے سے زائد اراضی پر نجی و سرکاری اداروں نے قبضہ کر رکھا ہے، اراضی کی مالیت 5 ارب 63 کروڑ 40لاکھ روپے سے زائد ہے۔

آڈٹ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ریلوے اراضی پر تجاوزات 1980ء سے 2024ء کے دوران قائم کی گئیں، مسلسل تین سال 20-2019، 22-2021 اور 24-2023ء کی آڈٹ رپورٹ میں معاملے کی نشاندہی کی گئی۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بار بار ایک ہی معاملے کا سامنے آنا تشویش کا باعث بن رہا ہے۔ حکام کی جانب سے سفارش کی گئی ہے کہ ریلوے زمین کی ریکوری کے جلد از جلد اقدامات کیے جائیں، ریلوے اراضی پر تجاوزات کیوں ہوئیں ذمہ داران کا تعین بھی کیا جائے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.