ائیر چیف مارشل سے آذربائیجان کے نائب وزیر دفاع کی ملاقات، تربیتی و تکنیکی شراکت داری پر تبادلہ خیال

0

 

آذربائیجان کے نائب وزیر اور ڈائریکٹر جنرل برائے دفاع، جناب عاقل گربانوف کی قیادت میں ایک اعلیٰ سطحی دفاعی وفد نے آج ائیر ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے سربراہ پاک فضائیہ، ائیر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سدھو سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دونوں جانب سے تربیت، تکنیکی مہارت، جدت طرازی اور موجودہ دفاعی تعاون کو فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔

ائیر چیف نے مہمان وفد کا پرتپاک خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان تاریخی، مذہبی اور ثقافتی رشتے برادرانہ تعلقات کی بنیاد ہیں۔ انہوں نے وفد کو پاک فضائیہ کی آپریشنل ساخت، جدید جنگی تقاضوں سے ہم آہنگ بنیادی ڈھانچے اور جاری منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ساتھ ہی، انہوں نے انسانی وسائل، ٹریننگ اور مینٹیننس کے شعبوں میں آذربائیجان کی فضائیہ کو بھرپور تعاون فراہم کرنے کی یقین دہانی کروائی۔

جناب عاقل گربانوف نے پاک فضائیہ کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، مقامی سطح پر ایرو اسپیس ٹیکنالوجی میں پیشرفت اور آپریشنل مہارت کو سراہا۔ انہوں نے دوطرفہ عسکری تعاون، مشترکہ تربیتی پروگرامز، اور ملٹی ڈومین آپریشنز میں شراکت داری کو مزید مضبوط کرنے کی خواہش ظاہر کی۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فضائیہ کے تجربات آذربائیجان کے لیے مشعل راہ ہیں اور ان سے سیکھ کر آذربائیجان اپنی فضائی صلاحیتوں کو جدید خطوط پر استوار کرنا چاہتا ہے۔

انہوں نے اس خواہش کا بھی اظہار کیا کہ آذربائیجان اپنی فضائیہ کے تربیتی نظام کو اکیڈمی کی سطح سے ازسرنو ترتیب دینے میں پاک فضائیہ کو ایک قابل اعتماد شراکت دار سمجھتا ہے۔ وفد کا یہ دورہ پاکستان اور آذربائیجان کے مابین تزویراتی تعاون کو فروغ دینے کے ساتھ ساتھ خطے میں امن و استحکام کے لیے مشترکہ عزم کا مظہر ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.