بھارتی ریٹائرڈ میجر جنرل یش مور نے مودی حکومت اور بھارتی میڈیا کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ حالیہ پاک بھارت کشیدگی کے دوران بھارت کی پالیسیوں اور میڈیا کے کردار نے خود بھارت کو نقصان پہنچایا
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے آرمی چیف کا وقار اس جنگ کے بعد مزید بلند ہوا ہے اور دنیا نے پاکستان پر کوئی سوال نہیں اٹھایا، یہاں تک کہ امریکی صدر ٹرمپ نے بھی انہیں دعوت دی، یش مور نے سوال اٹھایا کہ بھارت کب تک اپنے ہمسایوں کے ساتھ جنگی ماحول میں رہے گا، انہوں نے بھارتی میڈیا پر جھوٹے دعوے پھیلانے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اسلام آباد پر حملے اور کراچی کو جلانے جیسے بیانات بے بنیاد تھے اور کسی نے ان جھوٹوں کو روکا تک نہیں، انہوں نے کہا کہ بھارتی سلیبریٹیز اور یوٹیوبرز نے ایسی زبان استعمال کی جو انتہائی غیر ذمہ دارانہ تھی، ان کا کہنا تھا کہ بھارتی میڈیا نے جو کچھ دکھایا وہ محض کچرا تھا جس پر کوئی اعتبار کرنے کو تیار نہ تھا، واشنگٹن پوسٹ کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا نے جھوٹ پر مبنی گم راہ کن خبریں پھیلائیں اور سچ کے بجائے پروپیگنڈے کو ترجیح دی، ایسے میں کوئی بھی غیر جانبدار ناظر بھارتی میڈیا پر یقین نہیں کر سکتا۔