پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر چوہدری پرویزالٰہی نے جشنِ آزادی کے موقع پر عوام اور پارٹی کارکنان کے لیے ویڈیو پیغام جاری کیا ہے۔
اپنے پیغام میں چوہدری پرویزالٰہی نے کہا کہ پوری قوم جوش و جذبے کے ساتھ یومِ آزادی منا رہی ہے، اور ہمیں یہ ہرگز نہیں بھولنا چاہیے کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو کلمے کی برکت سے نوازا۔ یہ مملکت "لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ” کے نام پر قائم ہوئی ہے۔
انہوں نے قوم سے اپیل کی کہ ذاتی اختلافات کو پس پشت ڈال کر ملکی اتحاد و یکجہتی کے لیے ایک ہو جائیں، اور ان شہداء کو ضرور یاد رکھیں جنہوں نے قیامِ پاکستان کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر آج بھارت کے مسلمانوں سے پوچھا جائے تو وہ بتائیں گے کہ آزادی کتنی بڑی نعمت ہے۔
چوہدری پرویزالٰہی نے اس موقع پر دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں ہر محاذ پر کامیابی عطا فرمائے اور ملک میں اتفاق و اتحاد قائم رکھے۔ اپنے پیغام کے اختتام پر انہوں نے نوجوانوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ماشااللہ آج کے نوجوان با شعور اور بصیرت رکھنے والے ہیں، اور پوری امید ہے کہ یہی نوجوان انشاءاللہ پاکستان کو ترقی کی راہ پر گامزن کریں گے۔