الیکشن کمیشن کو عمرایوب کے خلاف کارروائی کرنے سے روک دیا گیا

0

پشاور ہائی کورٹ نے الیکشن کمیشن کو اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی عمر ایوب کے خلاف کارروائی سے روک دیا۔

 

تفصیلات کے مطابق پشاور ہائی کورٹ میں جسٹس اعجاز انور اور جسٹس خورشید اقبال نے عمر ایوب کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی، جو انہوں نے الیکشن کمیشن کے نوٹس کے خلاف دائر کی تھی۔ عدالت نے عبوری حکم جاری کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو عمر ایوب کے خلاف کسی بھی قسم کی کارروائی سے روک دیا۔

 

درخواست گزار کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ الیکشن کمیشن نے اثاثے ظاہر نہ کرنے پر ان کے مؤکل کو نوٹس جاری کیا، حالانکہ قانون کے مطابق اثاثوں سے متعلق جواب 120 دن میں دینا ضروری ہوتا ہے، اور ہم نے مقررہ وقت میں جواب جمع کرا دیا تھا۔ وکیل کا مؤقف تھا کہ نوٹس بلاجواز ہے۔

 

سماعت کے دوران ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے عدالت کو آگاہ کیا کہ اسی نوعیت کا ایک کیس ایبٹ آباد میں بھی زیر سماعت ہے۔ اس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ یا تو موجودہ کیس کو ایبٹ آباد منتقل کیا جائے یا وہاں سے کیس منگوا لیا جائے۔ بعد ازاں عدالت نے مزید سماعت ملتوی کر دی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.