عوام پاکستان پارٹی کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کی جانب سے لگائے گئے الزامات پر قانونی کارروائی کا اعلان کر دیا ہے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ن لیگ کے ایک سینیٹر اور رکن قومی اسمبلی نے ان پر بے بنیاد الزامات عائد کیے، جن کا کوئی ثبوت موجود نہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر الزامات میں کوئی صداقت ہے تو ثبوت پیش کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ جس پروجیکٹ کا ذکر کیا جا رہا ہے، اس کے بارے میں انہیں علم ہی نہیں تھا، کیونکہ یہ معاملہ 2019 کا ہے، جب وہ جیل میں تھے۔
مفتاح اسماعیل نے مزید کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کے بیٹوں کی دو شوگر ملز ہیں اور چینی کو جان بوجھ کر ایکسپورٹ کرایا گیا۔ ان کے مطابق مسئلہ چینی کا نہیں بلکہ سیاسی مصلحتوں کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس معاملے میں وہ غلط ہیں تو پھر اسحاق ڈار اور محمد اورنگزیب بھی ذمہ دار ہیں۔
انہوں نے الزام لگایا کہ پہلی بار وزیر خارجہ اسحاق ڈار کو شوگر ایڈوائزری بورڈ کا چیئرمین بنایا گیا۔ انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے رہنما طارق فضل چوہدری سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے جھوٹے الزامات پر معافی مانگیں، بصورت دیگر انہیں قانونی نوٹس بھیجا جائے گا۔
