پنجاب اسمبلی کے 28 جولائی کو ہونے والے اجلاس کا ایجنڈا جاری کر دیا گیا ہے، جس میں حکومت اہم بلز کی منظوری کے ساتھ ساتھ مختلف امور پر ارکان اسمبلی کے سوالات کے جوابات بھی دے گی۔

پنجاب اسمبلی سیکریٹریٹ کے مطابق اجلاس دو روز کے وقفے کے بعد پیر، 28 جولائی کو دوپہر 2 بجے ہوگا۔ اجلاس کے دوران حکومت پنجاب اسمبلی سے متعدد اہم قوانین کی منظوری حاصل کرے گی۔
ایجنڈے کے مطابق اسمبلی میں درج ذیل بلز منظوری کے لیے پیش کیے جائیں گے:
* پنجاب کنٹرول آف نارکوٹک سبسٹینسز بل 2025
* پنجاب آٹزم اسکول اینڈ ریسورس سینٹر بل 2025
* پنجاب اربن پراپرٹی ٹیکس ترمیمی بل 2025
* پنجاب زرعی آمدنی ٹیکس ترمیمی بل 2025
ذرائع کے مطابق اجلاس میں محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اور منشیات سے متعلق سوالات کے جوابات دیے جائیں گے۔ اس کے علاوہ، مختلف ارکان اسمبلی کی جانب سے جمع کروائے گئے توجہ دلاؤ نوٹسز بھی ایجنڈے کا حصہ ہیں۔
ایوان میں راحیلہ خادم حسین کی قیمتوں کے کنٹرول سے متعلق تحریک التواء کار پیش کی جائے گی، جبکہ ندیم صادق ڈوگر کی مقامی حکومت سے متعلق تحریک کا جواب بھی ایوان میں پڑھ کر سنایا جائے گا۔
اس کے علاوہ، قاضی احمد سعید کی سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن پر مبنی تحریک التواء، امجد علی جاوید کی کوآپریٹو امور پر تحریک اور پیپلز پارٹی کے علی حیدر گیلانی کی اسکول ایجوکیشن سے متعلق تحریک بھی ایوان میں پیش کی جائے گی۔
