خیبرپختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر کامیاب 25 ارکان نے حلف اٹھالیا
خیبرپختونخوا اسمبلی کی مخصوص نشستوں پر کامیاب پچیس ارکان نے آخرکار حلف اٹھا لیا ہے۔ اس سے قبل اسمبلی اجلاس میں کورم پورا نہ ہونے کے باعث حلف برداری ممکن نہ ہو سکی تھی اور اجلاس چوبیس جولائی دوپہر دو بجے تک ملتوی کر دیا گیا تھا۔

معاملہ پشاور ہائی کورٹ پہنچا جہاں چیف جسٹس نے گورنر کو حلف برداری کا اختیار دیا۔ بعد ازاں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے گورنر ہاؤس میں تقریب کے دوران ارکان اسمبلی سے حلف لیا۔
حلف اٹھانے والوں میں جے یو آئی کی سات خواتین اور دو اقلیتی ارکان، مسلم لیگ ن کی سات خواتین اور ایک اقلیتی رکن، پیپلز پارٹی کی چار خواتین اور ایک اقلیتی رکن، اے این پی کی دو خواتین اور پی ٹی آئی پی کی ایک خاتون شامل ہیں۔
اس حلف برداری کے بعد خیبرپختونخوا اسمبلی میں ارکان کی تعداد ایک سو پینتالیس مکمل ہو گئی ہے۔
