وفاقی حکومت کی نظرثانی درخواست کے باوجود نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے کے الیکٹرک کے لیے 2023 سے 2030 تک کا ملٹی ایئر ٹیرف (Multi-Year Tariff) نوٹیفائی کر دیا ہے۔

نیپرا نے پاور ڈویژن کے اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے کے الیکٹرک کے لیے بجلی کی پیداوار، ترسیل اور تقسیم کے نئے نرخ جاری کر دیے ہیں۔
جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق کے الیکٹرک کے لیے بجلی کی فراہمی، ترسیل اور تقسیم کے نرخ الگ الگ مقرر کیے گئے ہیں۔ پاور سپلائی کا اوسط نرخ 39.97 روپے فی یونٹ، ڈسٹری بیوشن ٹیرف 3 روپے 31 پیسے فی یونٹ جبکہ ترسیلی ٹیرف 2 روپے 86 پیسے فی یونٹ مقرر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت نے نیپرا کے اس فیصلے کے خلاف نظرثانی کی درخواست دائر کی تھی۔ پاور ڈویژن نے کے الیکٹرک کو دی گئی بعض خصوصی رعایتوں پر اعتراض کیا تھا، تاہم نیپرا نے وفاقی حکومت کی اپیل پر کوئی فیصلہ سنائے بغیر ٹیرف کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
