گلگت: وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حاجی گلبر خان نے خطے میں گرمی کی شدت میں اضافے کے باعث گلیشیئرز کے پگھلنے اور دریاؤں کی سطح میں اضافہ ہونے کے بعد ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر متعلقہ اداروں کو الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔
وزیراعلیٰ نے گلگت بلتستان ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (GBDMA)، ضلعی انتظامیہ اور تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت دی ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر وقت تیار رہیں۔
انہوں نے ڈپٹی کمشنرز اور متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ ممکنہ نقصانات سے بچاؤ کے لیے بروقت اقدامات یقینی بنائیں، جبکہ کسی بھی سیلابی خطرے کے دوران فوری ریسکیو اور بحالی کے عمل کو مؤثر انداز میں شروع کیا جائے۔
وزیراعلیٰ نے زور دیا کہ تمام ادارے اپنی ذمہ داریاں پوری مستعدی اور ہم آہنگی سے انجام دیں تاکہ عوام کی جان و مال کو محفوظ رکھا جا سکے۔