اسلام آباد: زرعی ترقیاتی بینک لمیٹڈ (ZTBL) نے منگل، 8 جولائی 2025 کو ہونے والے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے اجلاس کی کارروائی پر میڈیا کے ایک حلقے کی جانب سے کی جانے والی غلط رپورٹنگ پر وضاحت جاری کر دی ہے۔
بینک کے ترجمان کے مطابق بعض الیکٹرانک میڈیا چینلز نے گمشدہ اور جلی ہوئی قرضہ فائلوں سے متعلق رپورٹنگ میں درست حقائق کو نظرانداز کیا۔ وضاحت میں کہا گیا ہے کہ محترمہ بینظیر بھٹو شہید کے قتل کے بعد 2007 میں مظاہرین نے ZTBL کی 27,537 قرضہ فائلیں جلا دی تھیں۔ تاہم، وقت کے ساتھ ساتھ ان میں سے بڑی تعداد میں واجب الادا رقوم کی وصولی مکمل ہو چکی ہے اور اب صرف 5,201 جلی ہوئی فائلیں باقی رہ گئی ہیں۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ 5,201 جلی ہوئی اور 790 گمشدہ فائلیں مجموعی طور پر 6 لاکھ سے زائد قرضہ داروں میں سے ہیں۔ ان تمام کیسز میں بقایاجات کی قابل وصول رقم صرف 1,167 ملین روپے ہے، جو فی قرضہ دار اوسطاً 195,000 روپے سے بھی کم بنتی ہے۔ ان تمام قرضوں کا تعلق چھوٹے کسانوں سے ہے، جنہیں زرعی مقاصد کے لیے قرضے فراہم کیے گئے تھے۔
ZTBL نے واضح کیا ہے کہ بینک ان تمام کیسز میں بقایاجات کی وصولی اور ایڈجسٹمنٹ کا عمل جاری رکھے ہوئے ہے اور اس سلسلے میں وقتاً فوقتاً پیشرفت کی جاتی رہتی ہے۔