کراچی (نیوز ڈیسک): انسانیت کی بے مثال خدمت کا علم بلند کرنے والے عظیم سماجی رہنما عبدالستار ایدھی کو ہم سے جدا ہوئے آج 9 برس بیت چکے ہیں۔
عبدالستار ایدھی 28 فروری 1928 کو بھارتی ریاست گجرات کے شہر بانٹوا میں پیدا ہوئے۔ قیامِ پاکستان کے بعد 1947 میں اپنے خاندان سمیت ہجرت کر کے کراچی میں مستقل سکونت اختیار کی۔ انہوں نے 1951 میں ایک چھوٹی سی ڈسپنسری سے دکھی انسانیت کی خدمت کا آغاز کیا، جو بعد ازاں ایک منظم ادارے، "ایدھی ٹرسٹ” کی شکل اختیار کر گیا۔ انہوں نے اپنی پوری زندگی، تقریباً 65 برس، معاشرتی خدمت کے لیے وقف کر دیے۔
عبدالستار ایدھی نے رنگ، نسل، مذہب اور زبان سے بالاتر ہو کر ہر ضرورت مند کی مدد کی اور ایک ایسا مضبوط فلاحی نظام قائم کیا جو آج بھی اپنی خدمات جاری رکھے ہوئے ہے۔ ان کی وفات کے بعد ان کے اہلِ خانہ اور ایدھی فاؤنڈیشن کے کارکنان ان کا مشن پوری لگن سے آگے بڑھا رہے ہیں۔
ایدھی فاؤنڈیشن کے تحت ملک بھر میں ایمبولینس سروس، شیلٹر ہومز، یتیم خانے، بزرگوں اور خواتین کی رہائش گاہیں، ڈسپنسریاں اور دیگر فلاحی منصوبے کامیابی سے چل رہے ہیں۔ ان کی بے لوث خدمات کے اعتراف میں حکومتِ پاکستان نے انہیں 1989 میں اعلیٰ سول ایوارڈ "نشانِ امتیاز” سے نوازا، جبکہ "گنیز ورلڈ ریکارڈ” میں ان کا نام دنیا کی سب سے بڑی ایمبولینس سروس کے حوالے سے شامل کیا گیا۔
عبدالستار ایدھی 8 جولائی 2016 کو گردوں کے عارضے کے باعث 88 برس کی عمر میں کراچی میں وفات پا گئے۔ انہیں مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ سپردِ خاک کیا گیا۔
اگرچہ ایدھی صاحب آج ہمارے درمیان موجود نہیں، لیکن ان کی انسان دوستی، ہمدردی اور قربانی کی مثالیں ہمیشہ زندہ رہیں گی۔