9 محرم الحرام کے موقع پر صوبائی دارالحکومت میں عزاداری کے جلوسوں اور مجالس کے دوران سیکیورٹی اور طبی سہولیات کو یقینی بنانے کے لیے ریسکیو ٹیموں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے۔ مختلف اہم مقامات پر خصوصی ریسکیو ٹیمیں تعینات کر دی گئی ہیں جبکہ متعدد علاقوں میں ریسکیو ایمرجنسی پوسٹیں قائم کر دی گئی ہیں۔

ریسکیو 1122 کے ترجمان کے مطابق شہر بھر میں 1350 سے زائد ریسکیو اہلکار، 55 ایمبولینسز اور 300 ریسکیو موٹر بائیکس ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے تیار ہیں۔ اس کے علاوہ کسی بھی بڑی ایمرجنسی سے نمٹنے کے لیے دو جدید اسنارکلز اور 42 فائر و ریسکیو وہیکلز کو بھی متعین کیا گیا ہے۔
عزاداروں کو فوری طبی امداد فراہم کرنے کے لیے مجالس کے مقامات پر خصوصی میڈیکل پوسٹیں قائم کی گئی ہیں، جبکہ بڑے جلوسوں کے آگے اور پیچھے اضافی ایمبولینسز بھی تعینات کی گئی ہیں۔
ترجمان کے مطابق عاشق حسین روڈ، شادمان کالونی، اسلام پورہ پانڈو اسٹریٹ، اڈا چوہنگ عدالت شاہ دربار، اور رائے ونڈ چک بوٹا سمیت دیگر حساس مقامات پر ریسکیو ایمرجنسی پوائنٹس قائم کر دیے گئے ہیں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت مدد فراہم کی جا سکے۔
