انسدادِ منشیات کے عالمی دن پر ANF پنجاب کے زیرِ اہتمام لاہور میں پُروقار تقریب کا انعقاد

0

لاہور (نیوز ڈیسک) — انسدادِ منشیات کے عالمی دن کے موقع پر اینٹی نارکوٹکس فورس (ANF) ریجنل ڈائریکٹوریٹ پنجاب کے زیرِ اہتمام الحمرا آرٹس کونسل لاہور میں ایک باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا مقصد معاشرے میں منشیات کے خلاف شعور بیدار کرنا اور اس ناسور کے خاتمے کے لیے قومی سطح پر عزم کی تجدید کرنا تھا۔
تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈائریکٹر جنرل ANF، میجر جنرل عبدالمعید (ہلالِ امتیاز ملٹری) تھے، جنہوں نے اپنے خطاب میں فورس کی خدمات، قربانیوں اور کامیاب مہمات کو سراہا۔ اُنہوں نے معاشرے میں منشیات کے خلاف عوامی شراکت داری کی اہمیت پر بھی زور دیا۔
تقریب کا آغاز ریجنل ڈائریکٹر ANF پنجاب کی جانب سے معزز مہمانوں کے خیرمقدمی کلمات سے ہوا، جنہوں نے ANF کی جاری سرگرمیوں اور نمایاں کامیابیوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
تقریب میں ANF کے شہداء کے اہلِ خانہ، مختلف سرکاری و نجی اداروں کے نمائندگان، نامور سماجی شخصیات، یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز، ڈاکٹرز، طلبہ، قومی کھلاڑی، این جی اوز اور سول سوسائٹی کے ارکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
معروف سماجی رہنما ڈاکٹر امجد ثاقب، سابق مشیر قومی سلامتی ڈاکٹر معید یوسف، اور لیفٹیننٹ جنرل (ر) ناصر جنجوعہ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نوجوان نسل کو منشیات سے محفوظ رکھنے کے لیے قومی اتحاد اور شعور اجاگر کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے طلبہ نے ایک سبق آموز اسٹیج ڈرامہ پیش کیا، جبکہ نوجوان گلوکار فراز بٹ نے حب الوطنی سے بھرپور ملی نغمہ گا کر حاضرین کے دل جیت لیے۔ میزبانی کے فرائض ڈاکٹر ناصر بیگ اور منیزے معین نے انجام دیے۔
تقریب کے اختتام پر تمام شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ نہ صرف خود منشیات سے دور رہیں گے بلکہ معاشرے کو بھی اس ناسور سے پاک کرنے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے تاکہ پاکستان کو ایک صحت مند، محفوظ اور خوشحال ملک بنایا جا سکے۔
اس موقع پر ANF کے عظیم شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے ایک خصوصی لمحہ خاموشی بھی اختیار کیا گیا، اور اُن کے اہلِ خانہ کو اعزازی شیلڈز پیش کی گئیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.