سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی امریکی سائفر کے حوالے سے ایک اور مبینہ آڈیو لیک ہو گئی ہے۔
جمعے کی شام کو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی آڈیو میں اسد عمر کہتے ہیں کہ ’ایک اور چیز ہے ہائنڈ سائیٹ میں، جو اب ہم کر رہے ہیں نا لیٹر والا، یہ ذرا ہفتہ 10 دن پہلے شروع کر دینا چاہیے تھا۔‘
جواب میں عمران خان کہتے ہیں کہ ’اس لیٹر کا بہت بڑا یعنی جو ہم سوچ رہے ہیں نا اس کا ساری دنیا کے اندر ایک ایمپیکٹ چلا گیا ہے۔‘
درمیان میں سابق وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق شیرین مزاری کہتی ہیں کہ ’چین نے باضابطہ بیان جاری کیا ہے جس میں امریکہ کی ہماری اندرونی معاملات میں مداخلت کی مذمت کی ہے۔‘
چیئرمین پی ٹی آئی مزید کہتے ہیں کہ ’حکمت عملی تو یہ ہے کہ عوام ہمارے ساتھ بیٹھے ہیں، اب عوام کے پریشر سے ہم چاہتے ہیں کہ اتوار کو پریشر اتنا بڑھ جائے کہ جو بھی اسمبلی میں جائے ووٹ دینے کے لیے (تحریک عدم اعتماد میں) وہ برانڈڈ فار لائف ہو (یعنی تاحیات اس پر ٹھپہ لگ جائے)۔‘
’لیکن جو آپ نے آج برینڈ کرنا ہے میر جعفر اور میر صادق کو۔ آپ نے لوگوں کو سپون فیڈ کرنا ہے، اس وقت اتنی زرخیز زمین بنی ہوئی ہے کہ آپ ان کو فیڈ کریں گے۔‘
واضح رہے کہ سائفر کے حوالے سے اس سے قبل بھی عمران خان کی دو آڈیوز سامنے آ چکی ہیں۔ تاہم ان آڈیوز کے حوالے سے ابھی تک کوئی مستند ذریعہ سامنے نہیں آیا ہے اور یہ ’انڈی بیل‘ نامی ٹوئٹر اکاؤنٹ سے لیک کی جا رہی ہیں۔