بچوں کو ڈیجیٹل دنیا میں محفوظ اور ذمہ دار بنانے کی تربیت دیں،قومی سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم
قومی سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم (PakCERT) نے والدین کے لیے ایک اہم ایڈوائزری جاری کی ہے جس میں بچوں کو ڈیجیٹل دنیا میں محفوظ رکھنے اور ان کی آن لائن سرگرمیوں پر نظر رکھنے کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔
ایڈوائزری میں والدین پر زور دیا گیا ہے کہ وہ بچوں کو ڈیجیٹل دنیا میں محفوظ اور ذمہ دار بنانے کی تربیت دیں۔ بچوں کو ذاتی معلومات کی حفاظت سے متعلق آگاہی دینا اور انہیں یہ سمجھانا ضروری ہے کہ گھر کا پتہ، اسکول کی تفصیل یا دیگر نجی معلومات سوشل میڈیا پر شیئر کرنا خطرناک ہو سکتا ہے۔ایڈوائزری میں والدین کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ بچوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس اور آن لائن سرگرمیوں پر گہری نظر رکھیں۔ اس میں پیغامات، تصاویر اور پوسٹس کی نگرانی کو ضروری قرار دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی غیر موزوں یا مشکوک مواد کی نشاندہی بروقت کی جا سکے۔
سوشل میڈیا اکاؤنٹس کی پرائیویسی سیٹنگز کو محفوظ بنانے اور بچوں کے لیے پیرنٹل کنٹرول سافٹ ویئر کا مؤثر استعمال کرنے کی بھی سفارش کی گئی ہے۔ گوگل فیملی لنک اور مائیکروسافٹ فیملی سیفٹی جیسے ٹولز کو مفید قرار دیا گیا ہے۔
قومی سائبر ایمرجنسی رسپانس ٹیم کا کہنا ہے کہ والدین بچوں کو آن لائن چیلنجز اور تنازعات سے نمٹنے کی تربیت دیں اور انہیں مشکوک مواد پر فوری ردِعمل اور رپورٹنگ کی اہمیت سے آگاہ کریں۔ ایڈوائزری میں بچوں کو آن لائن ہراسانی اور سائبر بلیئنگ سے محفوظ رکھنے کے لیے تربیت دینے پر زور دیا گیا ہے۔
مزید برآں، والدین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بچوں کے لیے سوشل میڈیا کے استعمال کے متوازن اوقات اور حدود مقرر کریں تاکہ ان کی جسمانی اور ذہنی صحت متاثر نہ ہو۔
سائبر سیکیورٹی ماہرین کے مطابق، موجودہ دور میں جہاں بچے کم عمری سے ڈیجیٹل ڈیوائسز استعمال کرتے ہیں، والدین کی رہنمائی اور نگرانی پہلے سے کہیں زیادہ ضروری ہو چکی ہے۔