لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے بانی پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے حسبِ روایت تیسری مرتبہ بھی پولی گرافک ٹیسٹ کروانے سے انکار کر دیا ہے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی گزشتہ تین دنوں سے پولی گرافک ٹیسٹ کی ٹیم سے چھپتے پھر رہے ہیں۔ "کبھی بادشاہ سلامت سو کر نہیں اٹھے، کبھی کھانا کھا رہے ہیں اور کبھی ان کے وکلا نہیں آتے۔”
انہوں نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی آج بھی حقیقت کو تسلیم کرنے کو تیار نہیں کہ وہ سزا یافتہ مجرم ہیں اور جیل میں قید ہیں۔ "یہ بنی گالہ نہیں، اڈیالہ ہے، یہ بات اب سمجھنی ہوگی۔”
وزیر اطلاعات نے الزام عائد کیا کہ 9 مئی کا ماسٹر مائنڈ اپنے جھوٹ بے نقاب ہونے کے خوف سے راہِ فرار اختیار کر رہا ہے۔ "لاہور پولیس عدالتی احکامات پر بانی پی ٹی آئی کا پولی گرافک اور فوٹوگرامنگ ٹیسٹ کرنے جیل پہنچی، لیکن ہر بار کوئی نیا بہانہ سامنے آجاتا ہے۔”
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی بہنیں اور پارٹی قیادت روزانہ عدالتی احکامات کا حوالہ دیتی ہیں، مگر بانی پی ٹی آئی خود ان احکامات پر عملدرآمد کے لیے تیار نہیں۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ 9 مئی ریاست کے خلاف بغاوت تھی اور اس سازش میں ملوث تمام کرداروں اور سہولت کاروں کو اس کے سنگین نتائج بھگتنا ہوں گے۔