مظفرآباد: سرکولیشن مانیٹرنگ کمیٹی آزاد کشمیر کا اجلاس، 8 اخبارات کی میڈیا لسٹ میں شمولیت کی سفارش

0

 

مظفرآباد:آزاد جموں و کشمیر کی سرکولیشن مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس منگل کے روز ناظم تعلقات عامہ و چیئرمین کمیٹی راجہ امجد حسین منہاس کی زیر صدارت پی آئی ڈی کمپلیکس مظفرآباد میں منعقد ہوا۔

 

اجلاس میں آزادکشمیر میں شائع ہونے والے 11 روزنامہ اور 2 ہفت روزہ اخبارات کی سرکولیشن کا جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں مختلف اضلاع سے تعلق رکھنے والے حکام اور شعبہ اطلاعات کے افسران نے شرکت کی جن میں ڈپٹی ڈائریکٹر اطلاعات میرپور ڈویژن طارق جمیل درانی، وائس چیئرمین پریس فاؤنڈیشن سردار ذوالفقار علی، صدر نیوز پیپرز سوسائٹی امجد چوہدری، ڈسٹرکٹ انفارمیشن آفیسر راجہ سہیل خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر اشتہارات سید آصف حسین نقوی، اخبارات فروش یونین مظفرآباد کے صدر شوکت نواز میر، پونچھ ڈویژن کے صدر چوہدری نذیر، ممبر پریس فاؤنڈیشن زاہد بشیر، اور ایڈورٹائزنگ آفیسر صغیر احمد شامل تھے۔

 

اجلاس میں پیش کیے گئے اخبارات میں سے 8 اخبارات کی دستاویزات مکمل پائی گئیں جنہیں میڈیا لسٹ میں شامل کرنے کی سفارش کی گئی، جبکہ 5 اخبارات کو مشروط منظوری دی گئی اور انہیں دستاویزات مکمل کرنے کی ہدایت کی گئی۔اجلاس میں یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ میڈیا لسٹ میں شامل ہونے والے تمام اخبارات آزادکشمیر میں اپنے بیورو آفس اور مستقل اسٹاف قائم کریں گے اور ان کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے گی۔

 

حکومت آزادکشمیر کی خبروں کو مناسب کوریج دینا ان اخبارات کی ذمہ داری ہو گی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے راجہ امجد حسین منہاس نے کہا کہ تمام اضلاع سے ماہانہ بنیادوں پر سرکولیشن رپورٹ حاصل کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اخبارات کو چاہیے کہ وہ تمام اضلاع میں اپنی موجودگی یقینی بنائیں تاکہ ان کا دائرہ کار بڑھ سکے۔

 

انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل میڈیا کے بڑھتے رجحان کی وجہ سے دنیا بھر میں پرنٹ میڈیا متاثر ہو رہا ہے، ایسے میں اخبارات کو ڈیجیٹل پلیٹ فارمز پر بھی اپنی موجودگی یقینی بنانا ہو گی تاکہ وہ بدلتے وقت کے تقاضوں کے ساتھ ہم آہنگ رہ سکیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.