پاکستان کے اولمپیئن جیولن تھرور ارشد ندیم نے بھارت میں ہونے والے بنگلورو کلاسک جیولن تھرو مقابلے میں شرکت سے معذرت کر لی، بھارتی اولمپیئن نیرج چوپڑا نے ارشد ندیم کو ایونٹ میں شرکت کی دعوت دی تھی۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں ارشد ندیم نے کہا کہ 20 مئی کو بھارت میں ایونٹ ہے، جب کہ 22 مئی کو ایشین چیمپئن شپ کے لیے روانگی شیڈول ہے، اس لیے بنگلورو کلاسک جیولین تھرو میں جانا ممکن نہیں۔
ارشد ندیم نے مزید کہا کہ ’نیرج چوپڑا نے یاد رکھا اور مجھے شرکت کی دعوت دی، اس پر شکریہ ادا کرتا ہوں۔‘نیرج چوپڑا نے بنگلورو کلاس جیولین تھرو چیمپیئن شپ کے لیے ارشد ندیم کو مدعو کیا تھا، جب کہ کوریا میں ایشین ایتھلیٹکس چیمپیئن شپ 27 مئی سے شروع ہوگی۔
اولپمپیئن ارشد ندیم کا بھارت میں ہونے والے جیولن تھرو کے مقابلے میں شرکت سے انکار ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مقبوضہ کشمیر کے علاقے پہلگام میں سیاحوں کی ہلاکت کے بعد بھارت نے پاکستان کے خلاف متعدد اقدامات کیے ہیں، اور تمام پاکستانیوں کو 48 گھنٹے میں بھارت چھوڑنے کی ہدایت کی ہے۔
بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے مسلم اکثریتی علاقے پہلگام میں 26 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد سندھ طاس معاہدہ فوری طور پر معطل کرنے کا اعلان کر دیا تھا۔