متروکہ وقف املاک بورڈ کے زیر اہتمام وساکھی میلہ تقریبات کا آغاز، سکھ یاتریوں کی بڑی تعداد میں شرکت
متروکہ وقف املاک بورڈ، وزارت مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی، حکومت پاکستان کے زیر اہتمام گوردوارہ پنجہ صاحب حسن ابدال اور گوردوارہ دربار صاحب کرتار پور میں وساکھی میلے کی تقریبات کا آغاز ہو گیا۔ بھارت سمیت دنیا بھر سے آئے سکھ یاتریوں نے روایتی مذہبی رسومات کے تحت ارداس اور خصوصی دعاؤں میں شرکت کی، جبکہ مذہبی روایت کے مطابق لنگر کا وسیع انتظام بھی کیا گیا۔
لنگر کی تیاری اور دیگر انتظامات میں سکھ خواتین نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا، کسی نے کھانا پکانے میں مدد دی تو کسی نے برتن صاف کیے۔
ترجمان بورڈ کے مطابق، بھارت سے آئے شرومنی گوردوارہ پر بندھک کمیٹی کے رہنما رویندر سنگھ سرنا نے کہا کہ پاکستان میں گوردواروں کے درشن کر کے سکھ برادری بے حد خوش ہے۔ انہوں نے حکومت پاکستان اور بورڈ کی جانب سے رہائش، طبی سہولیات اور سفری انتظامات پر اظہارِ تشکر کیا۔
دہلی گوردوارہ مینجمنٹ کمیٹی کے سردار دلجیت سنگھ سرنا نے بھی پاکستانی انتظامیہ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یاتریوں کی تعداد دگنا ہونے کے باوجود سہولیات میں کوئی کمی نہیں آئی اور ہر لحاظ سے بہترین مہمان نوازی کی جا رہی ہے۔ یاتریوں نے حسن ابدال میں بابا ولی گندھاری کے مزار پر بھی حاضری دی۔
گوردوارہ پنجہ صاحب کو رنگ برنگی روشنیوں سے سجایا گیا ہے جبکہ ضلعی انتظامیہ نے سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے ہیں۔ ترجمان غلام محی الدین کے مطابق، یاتریوں کے دونوں گروپس سیکیورٹی آفیسر عاصم چوہدری کی نگرانی میں گوردوارہ جنم استھان ننکانہ صاحب روانہ ہوں گے۔
تمام داخلی و خارجی راستوں پر جدید سکینرز نصب کیے گئے ہیں اور واپڈا کی جانب سے گوردواروں میں بلا تعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ یاتریوں کو ہر ممکن سہولت فراہم کرنے کے لیے ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر ادارے متحرک ہیں۔