ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے 2014 کے دھرنے میں دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے کیس میں اعظم سواتی کو بری کر دیا۔
سول مجسٹریٹ مرید عباس نے دلائل کے بعد کیس کا فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ اعظم خان سواتی کے وکیل سہیل خان اور سردار مصروف خان عدالت میں پیش ہوئے جنہوں نے بریت کی درخواست پر دلائل مکمل کیے۔
وکیل سہیل خان نے ایف آئی آر کا متن پڑھ کر سنایا۔ وکیل نے کہا کہ 2014 کا یہ کیس ہے، اس ایف آئی آر کے بعد ریکارڈ پر کوئی ثبوت نہیں ہے، ایف آئی آر میں میرے موکل کے خلاف باقاعدہ طور پر کوئی الزام نہیں لگایا گیا اور جو دفعات لگائی گئیں وہ کسی طرح سے میرے موکل کے اوپر نہیں لگتیں، میری استدعا ہے کہ میرے موکل کو کیس سے بری کیا جائے۔وکیل سردار مصروف نے کہا کہ پراسیکیوشن اس وقت تک کوئی بھی ثبوت پیش کرنے میں ناکام رہی ہے۔