اسلام آباد: پاکستان بیت المال کی جانب سے کاکلئر امپلانٹ سرجری سے مستفید بچوں کے والدین کی پذیرائی
اسلام آباد :منیجنگ ڈائریکٹر پاکستان بیت المال سینیٹر کیپٹن شاہین خالد بٹ نے حال ہی میں کاکلئر امپلانٹ سرجری سے مستفید ہونے والے متعدد بچوں کے والدین کو کھانے پر مدعو کیا۔
اس موقع پر، انہوں نے والدین سے کاکلئر امپلانٹ سرجری کے بعد متعلقہ ہسپتالوں میں فراہم کردہ سہولتوں کے حوالے سے بھی دریافت کیا۔ ایم۔ڈی پاکستان بیت المال نے ہر بچے سے ملاقات کی اور بات چیت کرتے ہوئے ان کے ردِ عمل پر خوشی کا اظہار کیا۔
سرجری کے بعد Speech Therapy کی اہمیت کے پیشِ نظر، ایم۔ڈی پاکستان بیت المال نے متعلقہ ہسپتالوں میں نظام کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات اٹھانے پر زور دیا۔
بچوں کے والدین سے بات کرتے ہوئے سینیٹر کیپٹن شاہین خالد بٹ نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ مہنگے آلے کاکلئر امپلانٹ کی فراہمی کے بعد ان بچوں کے تمام مسائل حل کیے جائیں گے جب تک وہ خود مختار زندگی گزارنے کے قابل نہ ہو جائیں۔
انہوں نے کہا کہ "کاکلئر امپلانٹ کی سرجری کے بعد بچوں کے چہروں پر خوشی اور ان کی آنکھوں میں زندگی کی چمک محسوس کرنا باعثِ خوشی و اطمینان ہے۔” سینیٹر کیپٹن شاہین خالد بٹ نے اس موقع پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے کہا کہ "پیدائشی طور پر سننے اور بولنے سے محروم بچوں کو کاکلئر امپلانٹ کی مدد سے زندگی کی آوازیں سننے کے قابل بناتے ہوئے انہیں کامیاب اور پُر اعتماد زندگی کی راہ پر گامزن کرنا ہماری ترجیحات میں شامل ہے۔”
یاد رہے کہ اب تک پاکستان بیت المال 2343 ملین روپے کی رقم سے 1738 بچوں کے لیے کاکلئر امپلانٹ سرجری ممکن بنا چکا ہے۔