وزیر توانائی اویس لغاری نے عوام کو ایک اور خوشخبری سنادی
وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے بجلی کی قیمت میں مزید کمی کی خوشخبری سناتے ہوئے کہا ہے کہ پاورڈویژن قیمت میں مزید کمی اور استحکام پر کام کررہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیرپاورڈویژن اویس لغاری نے بجلی کے ٹیرف میں کمی پر بیان میں کہا کہ بجلی قیمت میں تاریخی کمی عوام سے کیے وعدہ وفا کرنے کی جانب قدم ہے، گھریلو صارفین کیلئے 7.41 اور صنعتوں کیلئے بجلی 7.69 روپے کی کمی کردی ہے۔
اویس لغاری نے خوشخبری سناتے ہوئے کہا کہ پاور ڈویژن اب بجلی کی قیمت میں مزید کمی اور استحکام پرکام کر رہا ہے، عوام کو بجلی کے شعبے میں اب بہتری ہی نظر آئے گی۔ان کا کہنا تھا کہ بجلی کے تقسیم کار سسٹم میں مزید بہتری لانے کیلئے دن رات کام کررہے ہیں ، 2 کروڑ صارفین کو بجلی پیداواری قیمت کا بھی 70 فیصد ڈسکاؤنٹ مل رہا ہے، ان 2 کروڑ صارفین کو 11.50 روپے سے بھی کم فی یونٹس بجلی ملنے لگی ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عنقریب صنعتوں کا پہیہ پوری قوت کے ساتھ چلنا شروع ہوگا۔گذشتہ روز وزیراعظم محمد شہباز شریف نے بجلی کی قیمتوں میں 7 روپے 41 پیسے فی یونٹ کمی اور صنعتوں کیلئے فی یونٹ سات روپے انسٹھ پیسے کمی کا اعلان کیا تھا۔
وزیراعظم نےخوش خبری سنائی تھی کہ اگلے مہینے بجلی کی قیمتوں میں مزید کمی ہوگی اور اب آئی پی پیز کو تین ہزار چھ سو چھیانوے ارب روپے ادانہیں کرنا پڑیں گے، دو ہزار تین سو ترانوے ارب روپے گردشی قرضے کا پکا بندوبست کرلیا ہے ، اگلے پانچ سال میں یہ ختم ہو جائے گا۔