مسجد الحرام اور مسجد نبوی ﷺ سمیت پاکستان بھر میں جمعتہ الوداع اور یوم القدس پر نماز جمعہ کے بڑے اجتماعات کا انعقاد کیا گیا۔ جمعتہ الوداع پر فلسطینیوں کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ جبکہ یوم القدس پر ملک کے مختلف شہروں میں ریلیاں نکال کر مظلوم فلسطینیوں سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔
پاکستان بھر میں جمعۃ الوداع اور یوم القدس عقیدت واحترام سے منایا گیا۔ اسلام آباد، کراچی، پشاور، کوئٹہ، لاہور میں جمعۃ الوداع کے اجتماعات کا انعقاد کیا گیا۔ مساجد میں ملکی ترقی، خوشحالی اور سلامتی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔اسلام آباد کے مساجد میں جمعۃ الوداع کی نماز کا اہتمام کیا گیا، سب سے بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوا ، سیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔
فیصل مسجد سمیت ودیگر مساجد، امام بارگاہوں کے لئے مؤثر سیکیورٹی انتظامات کیے گئے۔ دوسری جانب گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں بھی جمعۃ الوداع کے بڑے اجتماعات ہوئے۔ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی 27 رمضان المبارک کو بعد نماز جمعہ نمائش تا تبت سینٹر یوم القدس ریلی نکالی گئی۔مجلس وحدت المسلمین سمیت مختلف مذہبی جماعتوں کی جانب سے یوم القدس ریلیاں نکالی گئیں، اس سلسلے میں نمائش چورنگی پر استقبالیہ کیمپ بھی لگایا گیا۔
لاہور میں بھی جمعۃ الوداع کو یوم القدس کے طور پرمنایا جا رہا ہے جس کے تحت اسلام پورہ میں یوم القدس ریلی نکالی گئیں۔ یوم القدس ریلی کے شرکاء نے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں نعرے لگائے۔ادھر محکمہ داخلہ پنجاب نے جمعۃ الوداع، یوم القدس اور عیدالفطر سیکیورٹی کے حوالے سے اہم احکامات جاری کیے ہیں۔
محکمہ داخلہ پنجاب کے مراسلے میں درج ہے کہ نماز کے دوران 3 ٹئیرز پر مبنی فول پروف سیکیورٹی انتظامات یقینی بنائے جائیں، تمام عبادت گاہوں کی کڑی نگرانی کی جائے اور اضافی سیکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کیا جائے۔ عبادت گاہوں کیلئے ایک مرکزی داخلی دروازہ رکھا جائے اور تمام شہری اسی دروازے کو استعمال کریں۔
دوسری جانب پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں بھی یوم القدس کے موقع پر بیت المقدس کی آزادی فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیل کے خلاف مظاہرے کئے گئے۔ جبکہ سنہری مسجد پشاور صدر کے باہر متحدہ علماء و مشائخ کونسل کی جانب سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔جمعتہ الوداع کے موقع پر پشاور میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے۔ شہر بھر میں مختلف مساجد پر 15 سو سے زائد پولیس اہلکار تعینات کیے گئے۔
پولیس کے مطابق سیکیورٹی میں سراغ رساں کتوں اور مٹل ڈیٹیکٹر کا استعمال بھی کیا جارہا ہے، پشاور نواحی علاقوں میں پولیس کی پٹرولنگ میں اضافہ کیا گیا۔ جبکہ سٹی پیٹرول فورس ابابیل اسکواڈ کی اضافی بیٹ سروس بھی جاری ہے۔سندھ کے شہر ٹھٹھہ میں یومِ القدس کی مناسبت پر اسرائیل کی فلسطینی مظلوموں کے خلاف بربریت کے خلاف احتجاج ہوا۔ فلسطینیوں کے حق میں مظاہرہ کیا گیا۔
نوشہرو فیروزمیں بھی یوم القدس کی ریلی کا اہتمام کیا گیا۔ یوم القدس ریلی مرکزی امام بارگاہ حسینی سے پریس کلب تک نکالی گئی۔ ریلی میں علما کرام اور لوگوں نے بھرپور شرکت کی۔پنجاب کے شہر بھوانہ میں بھی یوم القدس پر ریلی نکالی گئی۔ ریلی میں اسرائیل کی بربریت کے خلاف نعرے بازی کی گئی، ریلی میں تحصیل بھر سے لوگو ں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔