
سکواش کے معروف سابق عالمی کھلاڑی آفتاب جاوید انتقال کر گئے،88 سالہ آفتاب جاوید انگلینڈ کے شہر مانچسٹر میں قیام پذیر تھے۔
60 کی دہائی میں پاکستان کے بہترین اسکواش کھلاڑیوں میں شمار کیے جانے والے آفتاب جاوید نے 3مرتبہ برٹش امیچر سکواش چیمپین شپ جیتی اور تین مرتبہ برٹش اوپن اسکواش چیمپین شپ کا فائنل کھیلا،آفتاب جاوید نے 1963 میں پہلی بار برٹش امیچر اسکواش چیمپین شپ اپنے نام کی تھی۔ اگلے دو برس مسلسل ٹائٹل جیت کر انہوں نے فتوحات کی ہیٹ ٹرک کی۔
1937 میں پیدا ہونے والے آفتاب جاوید نے 1966 میں برٹش اوپن اسکواش چیمپین شپ کے فائنل میں مصر کے ابو طالب سے مقابلہ کیا تھا،انہوں نے اگلے 2برس بھی برٹش اوپن سکواش چیمپین شپ کے فائنل میں جگہ بنائی جہاں ان کا مقابلہ برطانیہ کے جونا برنگٹن سے ہوا۔ آفتاب جاوید اسکواش کے عظیم کھلاڑی قمر زمان کے چچا تھے۔
آفتاب جاوید نے 1973 میں اپنے اخری انٹرنیشنل ایونٹ اسکاٹش اسکواش چیمپین شپ کے فائنل میں قمر زمان سے مقابلہ کیا تھا،آفتاب جاوید نے پسماندگان میں ایک صاحبزادے اور 2صاحبزادیوں کو سوگوار چھوڑا ہے۔ دریں اثنا ،سکواش لیجنڈ جہانگیر خان، قمر زمان، مقصود احمد اور گوگی علاؤ الدین سمیت دیگر نے آفتاب جاوید کی رحلت پر اظہار افسوس کرتے ہوئے دعائے مغفرت کی ہے۔