ٹیکس کی ادائیگی یقینی بنانے کے لیے کام جاری ،ڈھانچہ جاتی اصلاحات کا آغاز کرچکے، وزیر خزانہ
وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ ڈھانچہ جاتی اصلاحات کا آغاز کرچکے ہیں، آمدنی اور کھپت کے مطابق ٹیکس کی ادائیگی یقینی بنانے کے لیے کام جاری ہے۔
اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ افراط زر کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات جاری ہیں، شفافیت کے لیے ڈیجیٹلائزیشن کی جانب جارہے ہیں تاکہ انسانی مداخلت کو نچلی ترین سطح پر لایا جاسکے۔انہوں نے کہا کہ ہم ریونیو اہداف کے حصول کے لیے کوشاں ہیں، جدید دور میں شفافیت کے لیے ڈیجیٹائزیشن کی بہت اہمیت ہے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ جو ٹیکس بل پارلیمنٹ میں پیش کیا ہے، اس کا مقصد ہے کہ نان ڈکلیئریشن یا انڈر ڈکلیئریشن، یا طرز زندگی کو ٹیکسوں سے ہم آہنگ کرنا ہے، ان فارمل سیکٹرز کو فارمل سیکٹرز کی جانب منتقل کیا جائے گا، ٹیکس پیئرز کو تنگ نہیں کیا جائے گا۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن کی بات کی جاتی ہے تو اینڈ ٹو اینڈ ڈیجیٹلائزیشن لاکر انسانی مداخلت کو کم سے کم کرنے جارہے ہیں، تاکہ کرپشن کی شکایات کو بھی کم کیا جاسکے، نظام میں انسانی مداخلت میں کمی کا مطلب کرپشن میں کمی ہے۔وزیر خزانہ نے کہا کہ مارچ میں جب ہم نے حکومت کا سفر شروع کیا تو اسی وقت یہ سسٹم ڈیزائن کرنے پر کام شروع کردیا گیا تھا، اب ہم اس کی تکمیل کے قریب ہیں، دیانتداری سے ٹیکس دینے والوں کو مزید بوجھ سے بچانے پر توجہ دے رہے ہیں، ٹیکس گیپ اور لیکیجز کو روکنے پر کام کیا جارہا ہے تاکہ عام آدمی پر مزید بوجھ نہ پڑے۔
صحافی کے سوال کا جواب دیتے ہوئے محمد اورنگزیب نے کہا کہ مہنگائی کی اصل وجہ مڈل مین ہے، کچھ دن پہلے جب میں سیالکوٹ چیمبر میں تھا، تو کہا تھا کہ ہم نے مرغی اور دالوں کی قیمتوں کا جائزہ لیا تھا، کہ جب ٹرانسپورٹیشن اور دیگر شعبہ جات میں قیمتیں کم ہورہی ہیں تو ان دو آئتمز کی قیمتیں کیوں بڑھ رہی ہیں، اس کے بعد ہم نے چیف سیکریٹریز صاحب اور صوبوں سے درخواست کی، جس کے بعد مرغی اور دال کی قیمتیں بھی کم ہوئی ہیں۔
وزیر خزانہ نے کہا کہ سیلز ٹیکس کا جہاں تک تعلق ہے، تو چیئرمین ایف بی آر نے تمام انڈسٹریز میں جاکر انہیں اس حوالے سے آگاہ کیا تھا، تمام سیکٹرز پر گورننس بہتر بنائی گئی ہے، شوگر کی صرف آج مثال دی گئی، شفافیت کے لیے ہم ہر اقدام کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چیئرمین ایف بی آر کی جانب اعداد و شمار بتائے گئے ہیں، ڈیٹا نہ ہونے سے کی وجہ سے ہم بے بس تھے، اب کام شروع کیا گیا ہے تو یقیناً آگے بہتری آئے گی، ہم اب مانیٹرنگ کریں گے کہ کس وقت کہاں ، کیا چیز کی گئی ہے تو ایسے لوگوں کا نکلنا مشکل ہوگا۔
محمد اورنگزیب نے کہا کہ مسابقتی کمیشن کو ہم نے مزید بہتر بنانا ہے، کم سے کم ٹیکس سے متعلق معاملات کو ہم چاہیں گے، ترجیحاً نمٹایا جاسکے، اس پر چیف جسٹس یحییٰ آفریدی نے خود سے اقدامات کیے ہیں، جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں، مسابقتی کمیشن کو مزید مؤثر ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اگر کوئی عام پڑھا لکھا پاکستانی اپنا ٹیکس فارم خود نہیں بھر سکتا، اسے کوئی ایڈوائزر چاہیے تو یہ ٹیکس کے لیے اچھا اشارہ نہیں، چیئرمین ایف بی آر اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود ہیں، وہ اس معاملے کو دیکھیں اور اس پر کام کریں، ان شا اللہ اسے ہم آسان بنائیں گے۔