بریکنگ نیوزپاکستانتازہ ترین

وزارت داخلہ کا 24 نومبر کے احتجاج کے لیے سخت سکیورٹی اقدامات کا اعلان

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے احتجاجی پروگرام کے پیش نظر وزارت داخلہ نے ریاست کی جانب سے سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزارت داخلہ کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں احتجاج کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر نے دو ماہ کیلئے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے تاکہ عوامی اجتماعات اور غیر ضروری مظاہروں کو روکا جا سکے۔

وزارت داخلہ نے تمام متعلقہ سکیورٹی اداروں کو مکمل تیاری کی ہدایات جاری کر دی ہیں۔ ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ نے شرپسندی میں ملوث افراد کے خلاف سخت ترین قانونی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ احتجاج کے دوران کسی بھی قسم کی بدامنی یا دہشت گردی کی کوششوں کو ناکام بنایا جا سکے۔

وفاقی دارالحکومت اور دیگر اہم شہروں میں تمام سرکاری اور حساس عمارتوں کی سکیورٹی کو مزید مضبوط کرنے کے لیے سخت ترین حفاظتی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ اس کے علاوہ، جڑواں شہروں میں سکیورٹی کو مزید مستحکم کرنے کے لیے بھاری نفری تعینات کرنے کا حکم بھی جاری کر دیا گیا ہے۔

افغان مہاجرین کے کیمپوں کی سکیورٹی کے حوالے سے بھی وزارت داخلہ نے فوری طور پر جیوفنسنگ کا عمل شروع کر دیا ہے تاکہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی کو روکا جا سکے۔

احتجاج میں شریک شرپسند افراد کے خلاف سخت کارروائی کے طور پر ان کی تعلیمی اسناد اور داخلے منسوخ کرنے پر بھی غور کیا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ، احتجاج میں ملوث افراد کے پاسپورٹس، شناختی کارڈز منسوخ کرنے اور ان کے سمز بلاک کرنے کا بھی فیصلہ زیر غور ہے۔

وزارت داخلہ نے دہشت گردی کے ممکنہ خطرات سے نمٹنے کے لیے مشکوک مقامات کی نگرانی شروع کر دی ہے تاکہ کسی بھی دہشت گردانہ کارروائی کو روکا جا سکے۔

متعلقہ خبریں

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button