اسلام آباد (نیوز ڈیسک)اعلی عدلیہ میں ججز کی تعیناتی کے لیے رولز میں ترمیم کے معاملے پر چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن کا جوڈیشل کمیشن آف پاکستان کا اہم اجلاس ختم ہوگیا۔ اجلاس میں جوڈیشل کمیشن رولز کا جائزہ لیا گیا، اجلاس تقریباً ڈھائی گھنٹے تک جاری رہا۔ذرائع کا بتانا ہے کہ چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ کی زیر صدارت ججز تعیناتی سے متعلق جوڈیشل کمیشن کے اجلاس میں مختصر وقفہ کیا گیا۔
جسٹس منصور علی شاہ نے اجلاس میں مجوزہ سفارشات کا مسودہ پڑھا، اجلاس میں اعلیٰ عدلیہ میں ججوں کی تقرری کے رولز کا بھی جائزہ لیا گیا۔اجلاس سے قبل رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ جسٹس منصور علی شاہ ،جسٹس منیب اختر ،جسٹس یحییٰ آفریدی شریک ہوں گے، اجلاس میں جسٹس (ر) منظور ملک، اٹارنی جنرل منصور اعوان اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ بھی شریک ہوں گے، اجلاس میں ہائی کورٹس میں ججز تعیناتی اور جوڈیشل کمیشن رولز کی منظوری پر غور ہوگا۔
عام طور پر ہائی کورٹس کے سینئر ترین ججز ممبر نہ ہونے کے باعث جوڈیشل کمیشن اجلاس میں شرکت نہیں کرتے، ذرائع نے بتایا ہے کہ ہائی کورٹس کے اجلاس میں چیف جسٹس اور سینئر ترین ججز کو خصوصی طور پر مدعو کیا گیا ہے، اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزرائے قانون بھی شریک ہوں گے، عام حالات میں جس ہائی کورٹ میں ججز تعیناتی ہوتی ہے اس کے متعلقہ چیف جسٹس اور وزیر قانون اجلاس میں شرکت کرتے ہیں۔
اجلاس میں مجوزہ جوڈیشل کمیشن رولز 2024 کا جائزہ لیا جائے گا اور جوڈیشل کمیشن رولز 2024 کی منظوری کے بعد ججز کی تقرریاں کی جائیں گی، اسلام آباد ہائی کورٹ سمیت پانچوں صوبائی ہائی کورٹس کے چیف جسٹس صاحبان کو خط ارسال کیا جاچکا ہے، خط میں ہائی کورٹس سے ججز کے تقرر کے لیے امیدواروں کی تلاش کی درخواست کی گئی ہے۔