وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے امور نوجوانان شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ کاروباری کلچر کو فروغ دینے کا ہمارا مقصد یہ ہے کہ نوجوان نوکری تلاش کرنے کی بجائے نوکریاں دینے والے بن سکیں۔
پیر کو جاری بیان کے مطابق پرائم منسٹرز نیشنل انوویشن ایوارڈ آئیڈیا پچنگ بوٹ کیمپ راؤنڈ
II
کی اختتامی تقریب نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی (نسٹ) میں منعقد ہوئی جس میں وزیراعظم کی معاون ِخصوصی برائے امورِ نوجوانان شزہ فاطمہ خواجہ نے بطور مہمان خصوصی شرکت کی ۔تقریب میں 250 منفرد آئیڈیاز میں سے منتخب کردہ 50 اسٹارٹ اپس کا اعلان کیا گیا۔
ان میں سرفہرست 10 اسٹارٹ اپس کو 01 ملین کی گرانٹ پیش کی گئی جبکہ بقیہ 40 کو شکل میں 0.5 ملین روپے کے چیک تقسیم کئے گئے۔معاون خصوصی شزہ فاطمہ خواجہ نے نوجوانوں میں چیکس تقسیم کئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے معاون ِ خصوصی نے کہا کہ میں اس بوٹ کیمپ کے انعقاد کے لئے نسٹ کی ٹیم کا شکریہ اداکرنا چاہتی ہوں اور مجھے امید ہے کہ ہمارے نوجوانوں نے ان بوٹس کیمپ کے دوران جو کچھ سیکھا ہے، اس کے ذریعے انہیں اپنے بزنس کو بہتر انداز میں فروغ دینے میں مدد ملے گی۔
انہوں نے کہا کہ پرائم منسٹرز نیشنل انوویشن ایوارڈ نوجوانوں کو ترقی کی جانب بڑھنے اور ان کی صلاحیتوں کو بروئے کا ر لا کر ملکی ترقی میں معاون ثابت ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان ہمارے ملک کا سب سے بڑا اثاثہ ہیں کیونکہ پاکستان کی کل آبادی کا 68 فیصد 30 سال سے کم عمر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوانوں کو روزگار اور معاشی طور پر بااختیار بنانا ہماری اولین ترجیح ہے اور انہیں ہر سطح پر فروغ دینے اور ان کی حوصلہ افزائی کے لئے کوششیں کی جا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا نوجو انوں کی حوصلہ افزائی اور ان کے اختراعی آئیڈیاز کو قابل عمل کاروبار میں تبدیل کرنے کے لئے وزیر اعظم نے اس نیشنل انوویشن ایوارڈ کا آغاز کیا ہے جس کے تحت ہم اپنے نوجوانوں کو تکنیکی اور مالی مدد فراہم کررہے ہیں،سماجی خیالات نوجوانوں کو اپنی اختراعی اور نئی مہارتوں کو استعمال کرنے کی ترغیب دیتےہیں اور قومی سطح پر معاشرے اور ملکی معیشت میں مدد کرسکتے ہیں۔
جس سے پاکستان کو درپیش چیلنجز حل کرنے میں بھی مدد ملے گی۔معاونِ خصوصی نے کہا کہ ہمارامقصد ملک میں کاروباری کلچر کو فروغ دینا ہے تاکہ نوجوان نوکری تلاش کے بجائے نوکری پیدا کرنے والے بن سکیں۔معاون خصوصی شزہ فاطمہ خواجہ نے نوجوانوں میں چیکس تقسیم کئے اور ٹاپ 50 سٹارٹ اپس کے لئے ایک دلچسپ موقع کا بھی انکشاف کیا – انہوں نے کہا کہ ہم 6 ماہ کے انکیوبیشن پروگرام کی شکل میں نوجوانوں کو اضافی ایک ملین کی مالی معاونت دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ میں آپ سب کو اس بوٹ کیمپ کا حصہ بننے کے لیے آپ سب کو مبارکباد پیش کرتی ہوں اور پرائم منسٹرز نیشنل اینوویشن ایوارڈ اور مستقبل میں بہت ساری کامیابیاں حاصل کرنے کے لئے اسی جذبے اور جوش کے ساتھ آگے بڑھتے رہیں۔
معاونِ خصوصی نے اختتام میں نوجوانوں سے وابستہ اُمیدوں کا اظہار کرتے ہوئے کہا نوجوانوں محنت کریں ، مزید سیکھیں اور آگے بڑھیں،ہم آپ کی حوصلہ افزائی کے لئے ہر وقت تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر صرف 5 نوجوانوں کے آئیڈیاز بھی کمرشل ہو گئے تو میں سمجھوں گی کہ ہم اپنے مقصد میں کامیاب ہو گئے ہیں۔