کراچی کے بلدیاتی اداروں کے مابین حدود کا تنازعہ شدت اختیار کرگیا
کراچی(نیوزڈیسک)بلدیاتی اداروں کے مابین حدود کا تنازعہ شدت اختیار کرگیا، ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے بھی کے ایم سی کی مبینہ مداخلت پر میدان میں آگئے،بلدیہ عظمی کراچی نے گڈاپ ٹاﺅن میں ملچنگ فیس وصولی میں ناکامی کے بعد کے ڈی اے کی حدود میں بھی انٹری دیدی،کے ڈی اے کی اراضی پر دو مویشی منڈیاں لگانے کی اجازت دے ڈالی،ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے نے بلااجازت مویشی منڈیاں قائم کرانے کیخلاف میونسپل کمشنر کے ایم سی کو خط لکھ دیا۔
کلفٹن ہائیر اسٹار اتوار بازار گراﺅنڈ اور سرجانی سیکٹر7 میں کے ڈی اے کی فلیٹ سائٹ کی اراضی پر لگوائی گئیں مویشی منڈیاںفوری ختم کرنے کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق کراچی کے بلدیاتی اداروں میں حدود کا تنازعہ کھڑا ہو گیا ہے،اس سلسلے میں ذرائع کا کہنا ہے کہ بلدیہ عظمی کراچی نے گڈاپ ٹاﺅن میں ملچنگ فیس وصولی میںناکامی کے بعد اب ادارہ ترقیات کراچی کی حدود میں دخل اندازی شروع کردی ہے،واضح رہے کہ ملچنگ فیس کی وصولی کے معاملہ پر گڈاپ ٹاﺅن اور کے ایم سی کے مابین گذشتہ کئی روز سے شدید تنازعہ جاری ہے اور اس پر لوکل گورنمنٹ کمیشن نے ملچنگ فیس وصول کرنے کیلئے گڈاپ ٹاﺅن کے حق میں فیصلہ دیا ہے جس کے باعث کے ایم سی مذکورہ ریکوری سے محروم ہوچکی ہے،تاہم گڈاپ ٹاﺅن میں ملچنگ فیس کی وصولی میں ناکامی کے بعد بلدیہ عظمی کراچی محکمہ ویٹرنری نے ادارہ ترقیات کراچی سے منظوری یا علم میں لائے بغیر کے ڈی اے کی حدود میں بھی مویشی منڈیاں لگانے کی اجازت دیدی ہے جس میں ہائپر اسٹار کلفٹن اتوار بازار گراﺅنڈ جوکہ کے ڈی اے کی حدود ہے مذکورہ گراﺅنڈ پر کے ایم سی نے مویشی منڈی قائم کرنے کی اجازت دیدی ہے اور مذکورہ مویشی منڈی کو کمشنر کراچی کی منظور شدہ لسٹ میں بھی شامل کرالیا گیا ہے ۔
جبکہ دوسری مویشی منڈی کے ڈی اے کی فلیٹ سائٹ کی اراضی سرجانی سیکٹر 7 میں لگانے کی بھی کے ایم سی نے اجازت دیدی ہے،مذکورہ دونوں مویشی منڈیوں کے قیام کیلئے کے ایم سی حکام کی جانب سے کے ڈی اے کو علم میں لانا بھی گوارہ نہیں کیا گیا جس کا ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے سید شجاعت حسین نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے میونسپل کمشنر کے ایم سی افضل زیدی کو ایک خط ارسال کیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ کے ڈی اے کی منظوری کے بغیر محکمہ ویٹری کے ایم سی نے دو مویشی منڈیاں لگانے کی اجازت دیدی ہے جو کہ کے ڈی اے کی حدود ہے،ڈی جی کے ڈی اے نے مذکورہ مویشی منڈیاں فوری ختم کرنے کی میونسپل کمشنر کے ایم سی کو ہدایت کی ہے۔