محسوداور وزیر قبائل کے مشران/ملکان کے ساتھ کمشنر آفس میں جرگہ کا انعقاد

0

ڈیرہ اسماعیل خان(نمائندہ خصوصی)کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن ظفر الاسلام کی زیر صدارت محسود اور وزیر قبائل کے مشران/ملکان کے ساتھ کمشنر آفس میں جرگہ کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈپٹی کمشنر ٹانک، جنوبی وزیرستان (اپر)، جنوبی وزیرستان (لوئر)، محسود اور وزیر قبائل کے مشران/ملکان نے شرکت کی۔

جرگہ کے انعقاد کا مقصد جنوبی وزیرستان (اپر) اور جنوبی وزیرستا ن (لوئر) کے درمیان باؤنڈری کی ڈیمارکیشن کے سلسلے میں قبائل کی جانب سے کمیٹی ممبران نامزد کرنا تھا۔ اس موقع پر کمشنر ظفر الاسلام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام معاملات کے خوش اسلوبی سے حل کرنے کے حوالے سے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں اور اس سلسلے میں کمیٹی ممبران کی آراء اور مشاورت کا خیر مقدم کریں گے تاکہ بہتر حل نکالا جا سکے۔

اجلاس کے دوران قبائل کی جانب سے کمیٹی ممبران کی نامزدگی جمع کرائی گئی جب کہ میانی و دیگر قبائل کی جانب سے چند اعتراضات کی وجہ سے کچھ روز کا وقت طلب کیا گیا۔واضح رہے کہ لینڈ ڈیمارکیشن کے حوالے سے گزشتہ اجلاس کے دوران فیصلہ کیا گیا تھا کہ ضلعی انتظامیہ اور دونوں قبائل کی جانب سے تین تین ارکان پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے گی جس کے پاس اختیار ہو گا کہ وہ عدالتی فیصلوں، شریعت اور علاقائی رواج کو مدنظر رکھتے ہوئے قوانین کے مطابق لینڈ ڈیمارکیشن کریں گے۔مزید بتایاگیا تھاکہ جن علاقوں کا ریکارڈ پہلے سے موجود ہے وہ وہی رہے گا۔

اسی طرح کمیٹی ممبران کو فیصلے کے مطابق اختیار حاصل ہو گا اور ضلعی انتظامیہ کے افسران بھی اس تمام عمل میں شامل رہیں گے۔کمشنر ڈیرہ اسماعیل خان ڈویژن ظفر الاسلام کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی جانب سے دونوں قبائل کے درمیان درپیش مسائل کے پرامن اور منصفانہ حل کیلئے تمام کاوشیں بروئے کار لائی جا رہی ہیں تاکہ نہ صرف امن کو فروغ دیا جا سکے بلکہ پرامن رہتے ہوئے ماضی کی طرح ملک و قوم کی ترقی میں قبائل اپنا کردار ادا کرتے رہیں جو کہ قابل تحسین اور انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.