پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی ملازمین نے ملک بھر میں کام بند کردیا
لاہور(نمائندہ خصوصی)پاکستان اسٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی (پی ایس کیو سی اے) کے ملازمین نے ملک بھر میں کام بند کردیا،دفاتر کی تالہ بندی کرکے باہر نکل آئے،امپورٹ سمیت دیگر تمام شعبہ جات بھی بند کر دیئے گئے،سالہا سال سے ملنے والا Incentive Shareفوری بحال کرنے کا مطالبہ۔

تفصیلات کے مطابق پی ایس کیو سی اے کے افسران و ملازمین ششماہی بونس کی بند ش کیخلاف سراپہ احتجاج ہوگئے۔سٹینڈرڈ ڈویلپمنٹ سنٹر، ٹیکنیکل سروس سنٹر،کوالٹی کنٹرول سنٹر اور سسٹم سرٹیفکیشن سنٹر کے تمام ملازمین اپنے اپنے شعبہ جات کی مکمل تالہ بندی کرنے کے بعد اپنے دفتر کے گیٹ کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرکے احتجاج ریکارڈ کروایا۔
ان کا کہنا تھا کہ بورڈ آف ڈائریکٹرز کی منظوری سے سالہا سال ملنے والا ششماہی بونس موجودہ حالات میں آکسیجن کا درجہ رکھتا تھا،انتظامیہ نے بند کرکے ہمارا معاشی قتل اور استحصال کیا جارہا ہے۔ملازمین نے کہا کہ بونس کی فوری بحالی کے بغیر کسی آفس کو کھولا جائیگا نہ کسی افسر کو کام کرنے کی اجازت دی جائیگی۔
ملازمین نے مزید کہا کہ ہر حکومت نے پی ایس کیو سی اے کو تجربہ گاہ بنائے رکھا اورڈائریکٹر جنرل کی سیٹ بھی عرصہ دراز سے خالی پڑی ہے جس کی وجہ سے معاملات سنگین ہوتے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ کراچی سمیت ملک بھر کے دفاتر کی تالہ بندی کی گئی ہے اور امپورٹ سیکشن کی مکمل بندش کی وجہ سے کاروباری افراد میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے
