اسلام آباد میں پاکستانی دوا ساز کمپنی میکٹر انٹرنیشنل لمیٹڈ نے ڈریپ کی منظوری سے ٹائپ ٹو ذیابیطس کے علاج کے لیے نئی انجیکٹیبل دوا ٹِرزا ٹرم پاکستان میں متعارف کرا دی ہے، جس کا اعلان کمپنی نے پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں جمع کرائی گئی ریگولیٹری فائلنگ کے ذریعے کیا، یہ دوا ٹِرزیپاٹائیڈ پر مشتمل ہے جو جی آئی پی اور جی ایل پی ون ریسیپٹرز پر بطور ڈوئل ایگونِسٹ کام کرتی ہے اور شوگر کنٹرول کے ساتھ وزن میں کمی میں بھی مدد دیتی ہے، میکٹر کے مطابق یہ دوا ہفتہ وار انجیکشن کی صورت میں استعمال کی جاتی ہے اور جدید ملٹی ڈوز پری فلڈ پین میں دستیاب ہوگی، کمپنی کا کہنا ہے کہ یہ لانچ ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب پاکستان ذیابیطس کے مریضوں کی بڑی تعداد رکھنے والے ممالک میں شامل ہے، جہاں کروڑوں افراد اس مرض کا شکار ہیں، میکٹر نے اس اقدام کو بایوٹیکنالوجی اور انجیکٹیبل مصنوعات کے شعبے میں ایک اہم پیش رفت قرار دیتے ہوئے جدید، مریض دوست اور عالمی معیار کے علاج تک مقامی سطح پر رسائی بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔