چھٹی کے روز وفاقی دارالحکومت کے اتوار بازاروں میں خریداروں کا رش رہا۔ شہریوں کو سستی اور معیاری اشیاء کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے ضلعی انتظامیہ کے افسران فیلڈ میں موجود رہے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سمیت تمام اسسٹنٹ کمشنرز نے بازاروں کا دورہ کیا۔ سرکاری نرخ نامہ آویزاں نہ کرنے یا دیگر خلاف ورزیوں پر مجموعی طور پر 51 دکاندار حوالات منتقل کیے گئے۔
ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل صاحبزادہ یوسف نے ایچ نائن اتوار بازار کا دورہ کیا، جہاں پارکنگ، پرائس کنٹرول اور صفائی ستھرائی کا جائزہ لیا گیا اور شہریوں سے فیڈ بیک بھی لیا گیا۔
اہم ڈیڈ لائن گزر گئی، چیف آف ڈیفنس فورسز کا نوٹیفکیشن جاری نہیں ہو سکا
جی ٹین بازار سے 10 دکاندار ریٹ لسٹ آویزاں نہ کرنے پر گرفتار ہوئے۔ سبزی منڈی میں 5 دکاندار حوالات منتقل کیے گئے اور تجاوزات ہٹائی گئیں۔ جی سکس بازار میں کیش لیس ٹرانزیکشن کی خلاف ورزی پر 3 دکاندار گرفتار ہوئے۔
چار افراد کو پلاسٹک بیگز کے استعمال اور ایک شخص کو تجاوزات پر حراست میں لیا گیا۔ آئی ٹین مرکز میں پرائس لسٹ کی خلاف ورزی پر 2 دکاندار تھانے منتقل کیے گئے۔ غوری ٹاؤن میں دوران انسپکشن پرائس لسٹ نہ لگانے پر 3 دکاندار گرفتار ہوئے۔
جی ٹین بازار سے مجموعی طور پر 14 افراد حوالات منتقل ہوئے، جبکہ پاکستان ٹاؤن سے 7 دکاندار پرائس لسٹ نہ لگانے پر گرفتار ہوئے۔ ماڈل بازار ترلئی سے بھی 3 دکانداروں کو حوالات منتقل کیا گیا۔
ڈی سی اسلام آباد کی ہدایت کے مطابق پرائس لسٹ کی خلاف ورزی پر زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل درآمد کیا گیا، اور سرکاری نرخ نامہ کی خلاف ورزی پر بلا تفریق فوری کارروائی کی گئی۔ ڈپٹی کمشنر عرفان میمن نے اس بات کی تصدیق کی۔