اسلام آباد کے تین بڑے عوامی منصوبے تکمیل کے قریب ہیں۔
وزیر داخلہ محسن نقوی نے ٹی چوک فلائی اوور، شاہین چوک انڈر پاس اور فیض آباد انٹرچینج پراجیکٹس کا دورہ کیا اور کام کی رفتار میں تیزی دیکھ کر پیشرفت کا جائزہ لیا۔ محسن نقوی نے جاری تعمیراتی سرگرمیوں کا معائنہ کیا اور منصوبوں کی پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔
سابق بنگلادیشی وزیراعظم خالدہ ضیا کی حالت تشویشناک، آئی سی یو منتقل
فیض آباد انٹرچینج پر ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے کے لیے لوپ ون اور لوپ ٹو کو تین لین کرنے کی ہدایت کی گئی، جبکہ منصوبوں کی خوبصورتی کے لیے دونوں اطراف لینڈ اسکیپنگ اور لائٹس لگانے کی ہدایات بھی دی گئیں۔ وزیر داخلہ نے کہا کہ منصوبوں کی تکمیل سے ٹریفک میں نمایاں بہتری آئے گی، دباؤ کم ہوگا اور شہریوں کو آمدورفت میں سہولت ملے گی۔ ٹی چوک فلائی اوور سے جڑواں شہروں اور پنجاب سے آنے والے مسافر بھی مستفید ہوں گے۔
چیئرمین سی ڈی اے نے وزیر داخلہ کو تفصیلی بریفنگ دی، جس میں بتایا گیا کہ ٹی چوک فلائی اوور کا تقریباً 80 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور یہ دسمبر کے شروع میں کھول دیا جائے گا۔ شاہین چوک انڈر پاس کے 70 گرڈرز کی لانچنگ مکمل ہو گئی ہے اور باقی گرڈرز کا کام جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ منصوبے کے ریمپ ون اور ریمپ ٹو کا 100 فیصد کام بھی مکمل ہو چکا ہے۔
اس موقع پر ممبران سی ڈی اے، ڈپٹی کمشنر، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔