وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ موجودہ مہنگائی اور غربت کی وجہ سے عوام میں سخت غصہ اور بے چینی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ مہنگائی موجودہ حکومت کی لائی ہوئی نہیں ہے، اور حکومت مہنگائی کم کرنا چاہتی ہے لیکن آئی ایم ایف نے اس کی اجازت نہیں دی۔
ایجنڈے پر چلنے والے ججز عدلیہ کو بدنام اور ساکھ کو نقصان پہنچاتے ہیں، خواجہ آصف
فیصل آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نفرت، بغض اور کینے کی سیاست نے ملک کو کچھ نہیں دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ جو دوسروں کے لیے گڑھا کھودتا ہے وہ خود اس میں گرتا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ پچھلی حکومت نے ان کے خلاف ناجائز طور پر ہیروئن کا کیس بنایا، اور نفرت و سازشوں سے کچھ حاصل نہیں ہوتا۔ انہوں نے سوال کیا کہ پچھلی حکومت کے چار سالوں میں ملک میں کیا بہتری اور ترقی ہوئی؟
رانا ثنا اللہ نے کہا کہ کرپشن ختم کرنے کا نعرہ لگانے والوں کے دور میں فرح گوگی اور پنکی پیرنی جیسے کردار سامنے آئے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ‘معرکہ حق’ کی کامیابی کی وجہ سے دنیا میں پاکستان کی عزت بڑھی ہے، جبکہ بھارت عالمی سطح پر رسوا ہوا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ ملکی عزت میں اس اضافے سے معاشی حالات بہتر ہوں گے۔