کراچی، گلستان جوہر میں 200 سے زائد جھگیاں آگ لگنے کے باعث جل گئیں، مویشی بھی ہلاک

کراچی، گلستان جوہر میں 200 سے زائد جھگیاں آگ لگنے کے باعث جل گئیں، مویشی بھی ہلاک

0

کراچی کے علاقے گلستان جوہر بلاک 12 میں ہفتہ اور اتوار کی درمیانی شب لگنے والی آگ نے دو سو سے زائد جھگیوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ آگ کے باعث جھگیوں میں رکھا سامان، متعدد موٹر سائیکلیں اور مویشی جل کر خاکستر ہوگئے، تاہم خوش قسمتی سے کسی انسانی جان کا نقصان نہیں ہوا۔

خاموشی کا وقت ختم، بابر اعظم نے پیغام جاری کردیا

فائر بریگیڈ حکام کے مطابق آگ شارٹ سرکٹ کے باعث لگی، تاہم واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ اطلاع ملتے ہی کے ایم سی کی چار فائربریگیڈ گاڑیاں اور ریسکیو 1122 کے تین فائر ٹینڈر موقع پر پہنچے اور آگ بجھانے کا کام شروع کیا۔ آگ کی شدت زیادہ ہونے کے باعث پانی کی فراہمی کے لیے واٹر باوزر اور ٹینکرز منگوائے گئے۔

ترجمان فائر بریگیڈ کے مطابق رات تقریباً ڈھائی بجے لگی آگ پر تین گھنٹے کی جدوجہد کے بعد قابو پایا گیا۔ پانی کی کمی کے باعث کولنگ کا عمل تاخیر سے شروع ہوا، جو صبح ساڑھے پانچ بجے واٹر ٹینکر پہنچنے کے بعد مکمل کیا گیا۔

فائر آفیسر نے بتایا کہ پلاٹ میں بجلی کے کنڈے کاٹے جا رہے تھے کہ شارٹ سرکٹ کے نتیجے میں آگ بھڑک اٹھی۔ پلاٹ پر تقریباً پانچ سو جھگیاں موجود تھیں جن میں سے دو سو سے زائد مکمل طور پر جل گئیں۔ آگ کے باعث جھگیوں میں رہائش پذیر افراد کی موٹر سائیکلیں، بکریاں، بکرے اور بلیاں بھی جل کر ہلاک ہوگئیں۔

متاثرہ افراد کے مطابق آگ اس وقت لگی جب وہ سو رہے تھے، وہ صرف تن پر پہنے کپڑوں کے ساتھ جھگیوں سے نکلنے پر مجبور ہوگئے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کی ساری زندگی کی جمع پونجی جل کر راکھ ہوگئی۔ متاثرین نے سندھ حکومت اور مخیر حضرات سے امداد کی اپیل کی ہے۔

فائر بریگیڈ کا عملہ تین گھنٹے تک آگ بجھانے میں مصروف رہا، جس کے بعد صورتحال پر قابو پا کر ٹیمیں واپس روانہ ہوگئیں۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.