اللہ نہ کرے افغانستان کے ساتھ اتنا بگاڑ پیدا ہو کہ تلخی اور کشیدگی میں مزید اضافہ ہو، وزیر دفاع خواجہ آصف

0

وزیر دفاع خواجہ آصف نے اپنے بیان میں کہا کہ اللہ نہ کرے افغانستان کے ساتھ تعلقات میں اتنا بگاڑ پیدا ہو کہ تلخی اور کشیدگی مزید بڑھ جائے، ضرورت اس بات کی ہے کہ خصوصاً دہشت گردی کے حوالے سے تعلقات بہتر ہوں اور جو شکایات ہیں، وہ دور کی جائیں۔

خواجہ آصف نے کہا کہ اگر ہماری سرزمین پر روزانہ خلاف ورزیاں ہوں، ہماری افواج اور شہریوں پر حملے کیے جائیں، ہم روز شہادتیں دیں اور اس کے باوجود افغانستان کی جانب سے کوئی اقدام نہ کیا جائے تو یہ ہمسائیگی کے تقاضوں کے خلاف ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ اگر یہ سلسلہ جاری رہا تو حالات مزید بگڑ سکتے ہیں۔

وزیر دفاع نے مزید کہا کہ ہم بارہا یہ معاملہ اٹھا چکے ہیں کہ افغان سرزمین سے پاکستان میں دہشت گردی کی جا رہی ہے۔ ہماری خواہش ہے کہ وہ ہماری زمین کی حرمت کا احترام کریں، ہم بھی ان کی حرمت کا خیال رکھیں گے۔ ہر ریاست کو اپنے تعلقات قائم رکھنے کا حق ہے، مگر ہمسائیگی کے فرائض ضرور پورے کیے جانے چاہییں۔

انہوں نے خیبر پختونخوا کے نامزد وزیر اعلیٰ کے حوالے سے کہا کہ ان کا ماضی ریاست مخالف رہا ہے، اب دیکھنا یہ ہے کہ جب وہ وزارت اعلیٰ کا منصب سنبھالتے ہیں تو ان کا رویہ پرو پاکستان ہوتا ہے یا تنگ نظری پر مبنی۔

خواجہ آصف نے حماس اور اسرائیل کے درمیان طے پانے والے معاہدے پر بھی اظہارِ خیال کیا اور کہا کہ سب سے اطمینان کی بات یہ ہے کہ یہ معاہدہ براہِ راست حماس کے ساتھ ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے پر دل سے خوشی ہوئی ہے کیونکہ حماس نے جو قربانیاں دی ہیں، ان کی مثال نہیں ملتی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.