مریم نواز کو انہی کے لہجے میں جواب دیا تو یہ ان کیلئے بھی مناسب نہیں ہوگا، قمر زمان کائرہ

0

پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ اگر مریم نواز کو ان ہی کے لہجے اور انداز میں جواب دیا جائے تو یہ ان کے لیے بھی مناسب نہیں ہوگا۔

قمر زمان کائرہ نے مریم نواز کے لہجے اور بیانات کو افسوسناک قرار دیا۔

 

مریم نواز نے ایک بیان میں کہا تھا کہ پنجاب سے صرف جرم اور گندگی صاف نہیں کی گئی بلکہ پنجاب کی ترقی سے جلنے والوں کے دماغوں کی صفائی بھی کر دی گئی ہے۔

 

قمر زمان کائرہ نے کہا کہ اگر اس طرح کا رویہ جاری رہا تو ہمارے لہجوں کے ساتھ تعلقات بھی تلخ ہو جائیں گے۔ پیپلز پارٹی کا مقصد کسی کو نیچا دکھانا نہیں، اور ہم نہیں چاہتے کہ یہ معاملہ حد سے بڑھ جائے۔

 

ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی حکومت کو کسی تنازع میں نہیں ڈالنا چاہتی، لیکن حکومت بناتے وقت ہمارے ساتھ کیے گئے معاہدے کی کئی شقوں پر پنجاب حکومت نے عمل نہیں کیا۔

 

انہوں نے مزید کہا کہ پنجاب حکومت نے معاہدے کی شقوں پر ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کیا ہے۔

 

دوسری جانب مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی گفتگو وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو ناگوار گزری تھی کیونکہ بات پنجاب حکومت کی کارکردگی سے متعلق تھی۔

 

انہوں نے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مریم نواز نے اپنی ذمہ داری ادا کرتے ہوئے بلاول بھٹو کے بیان کا جواب دیا۔

 

رانا ثناء اللّٰہ نے مزید کہا کہ ن لیگ کو بلاول بھٹو کی پریس کانفرنس پر اعتراض ہے کیونکہ ان کی تجاویز سے تاثر ملا کہ شاید حکومت درست کام نہیں کر رہی۔

 

انہوں نے کہا کہ جس دن بات آصف علی زرداری، شہباز شریف یا نواز شریف کی سطح پر ہوگی، اُس دن یہ تمام اختلافات ختم ہو جائیں گے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.