حیدرآباد: جنوبی بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف اداکار وجے دیوراکونڈا نے حالیہ کار حادثے کے بعد اپنی خیریت سے متعلق بیان جاری کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اداکار ایک حادثے میں بال بال بچ گئے تھے، جس کے بعد سوشل میڈیا پر ان کی صحت سے متعلق مختلف افواہیں پھیل گئیں۔
وجے دیوراکونڈا نے پیر کی شام سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر مداحوں کو یقین دلایا کہ وہ بالکل خیریت سے ہیں۔ اپنے پیغام میں انہوں نے لکھا، ’’سب ٹھیک ہے، کار کو نقصان ضرور پہنچا مگر ہم سب محفوظ ہیں۔ میں نے آج ورزش بھی کی ہے اور ابھی گھر واپس آیا ہوں۔‘‘
اداکار نے مزاحیہ انداز میں مزید کہا، ’’سر میں تھوڑا درد ہے لیکن بریانی اور نیند سے سب ٹھیک ہو جائے گا۔‘‘ ساتھ ہی انہوں نے مداحوں سے اپیل کی کہ افواہوں پر توجہ نہ دیں اور پرسکون رہیں۔
واضح رہے کہ چند روز قبل وجے دیوراکونڈا اور اداکارہ رشمیکا مندانا کی مبینہ منگنی کی خبریں بھی سوشل میڈیا پر زیرِ گردش تھیں، تاہم دونوں فنکاروں نے اس حوالے سے کسی تصدیق یا تردید سے گریز کیا۔