جنوبی افریقہ کی ویمن ٹیم کی بلے باز تزمین برٹس نے شاندار کارکردگی دکھاتے ہوئے کئی نئے ریکارڈز اپنے نام کر لیے۔
گزشتہ روز اندور میں کھیلے گئے آئی سی سی ویمنز ورلڈ کپ کے میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف تزمین برٹس نے شاندار سنچری اسکور کی۔ یہ ان کے ون ڈے کیریئر کی مجموعی طور پر ساتویں اور رواں سال کی پانچویں سنچری تھی۔
اس کارنامے کے ساتھ انہوں نے آسٹریلیا کی میگ لیننگ اور بھارت کی سمرتی مندھانا کا ریکارڈ توڑ دیا، اور ویمنز کرکٹ میں ایک ہی کیلنڈر ایئر میں سب سے زیادہ ون ڈے سنچریاں بنانے والی کھلاڑی بن گئیں۔
تزمین برٹس نے سب سے کم اننگز میں سات ون ڈے سنچریاں مکمل کرنے کا ریکارڈ بھی اپنے نام کیا۔ انہوں نے یہ سنگ میل صرف 41ویں اننگز میں عبور کیا، جبکہ اس سے قبل یہ ریکارڈ آسٹریلیا کی میگ لیننگ کے پاس تھا جنہوں نے 44ویں اننگز میں سات سنچریاں اسکور کی تھیں۔