بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی اور اداکارہ انوشکا شرما کی شادی کئی سال گزرنے کے باوجود آج بھی مداحوں کے لیے دلچسپی کا باعث ہے۔
2017 میں اٹلی میں منعقد ہونے والی اس دلکش تقریب کے بارے میں حال ہی میں ایک دلچسپ انکشاف سامنے آیا ہے کہ یہ شادی ایک رات قبل موسلا دھار بارش کے باعث تقریباً منسوخ ہونے کے قریب پہنچ گئی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شادی کے ویڈیو گرافر وشال پنجابی نے انٹرویو میں بتایا کہ انوشکا اور ویرات کی شادی کے لیے تیار کیا گیا منڈپ تیز بارش میں تباہ ہوگیا تھا، جس کے بعد فوری طور پر تقریب کا مقام تبدیل کیا گیا۔
وشال پنجابی کے مطابق ویرات اور انوشکا کی ویڈنگ پلانر دیویکا نارائن نے پوری رات جاگ کر نئے مقام پر انتظامات مکمل کیے۔ اس دوران دونوں ستارے پرسکون رہے اور انہوں نے اپنی ٹیم پر مکمل اعتماد ظاہر کیا۔
انہوں نے بتایا کہ ویرات اور انوشکا نے اپنی شادی کے منڈپ کو تقریب سے قبل نہیں دیکھا تھا، اور شدید بارش کے باوجود تمام انتظامات راتوں رات نئے مقام پر منتقل کرنا ایک مشکل کام تھا۔
ویڈیو گرافر نے بتایا کہ شادی کے دن جب وہ پہلی بار ویرات اور انوشکا سے ملے تو دونوں انہیں ذاتی طور پر نہیں جانتے تھے، مگر انہوں نے پرخلوص انداز میں استقبال کیا اور کام میں مکمل آزادی دی۔
وشال پنجابی نے بتایا کہ ویرات نے ان سے کہا تھا، "ہم نہیں جانتے آپ کیا کرتے ہیں، لیکن یقین ہے کہ اگر آپ یہاں ہیں تو آپ بہترین کام کرتے ہیں۔”
انہوں نے مزید کہا کہ دونوں نے اپنی شادی کے انتظامات کے لیے ٹیم پر مکمل بھروسہ کیا، یہ تقریب سادہ مگر نہایت پُر وقار تھی، اور ویرات و انوشکا دونوں ہی بہت خوش اخلاق اور شفیق لوگ ہیں۔