آئی سی سی ویمن ورلڈکپ,بنگلادیش نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی

0

 

 

آئی سی سی ویمنز ورلڈکپ کے تیسرے میچ میں بنگلادیش نے پاکستان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ سری لنکا کے شہر کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں پاکستانی کپتان فاطمہ ثنا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوا۔ پاکستان کی پوری ٹیم 39 ویں اوور میں صرف 129 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

 

میچ کے آغاز میں ہی گرین شرٹس مشکلات کا شکار ہوگئیں جب معروفہ اختر نے پہلے اوور میں عمیمہ سہیل اور سدرہ امین کو صفر پر آؤٹ کر دیا۔ اس کے بعد منیبہ علی اور رامین شمیم نے 42 رنز کی شراکت قائم کی لیکن دونوں جلد ہی آؤٹ ہوگئیں اور پاکستان کا اسکور 47 پر چار وکٹ ہوگیا۔ رامین شمیم 23 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہیں جبکہ منیبہ نے 17 رنز بنائے۔ عالیہ ریاض 13، سدرہ نواز 15 اور کپتان فاطمہ ثنا 22 رنز بنا سکیں۔ آخر میں ڈیانا بیگ نے ناقابل شکست 16 رنز کی اننگ کھیل کر ٹیم کا اسکور 129 تک پہنچایا۔

 

بنگلہ دیش کی جانب سے نشیتا اختر نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 5 رنز کے عوض 3 وکٹیں حاصل کیں، معروفہ اختر اور ناہیدہ اختر نے دو، دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ ربیعہ خان نے ایک وکٹ لی۔ پاکستان کی جانب سے دیے گئے 130 رنز کے ہدف کو بنگلادیش نے آسانی سے حاصل کرلیا۔

 

بائیں ہاتھ کی اوپنر روبیہ حیدر نے 77 گیندوں پر 54 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیل کر ٹیم کی جیت کو یقینی بنایا۔ کپتان نگار سلطانہ نے 23 رنز اور سوبھانا موستاری نے 24 رنز بنا کر اہم کردار ادا کیا۔ پاکستان کی طرف سے رامین شمیم، ڈیانا بیگ اور کپتان فاطمہ ثنا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.