معروف اداکار و ٹی وی میزبان فیضان شیخ نے انکشاف کیا ہے کہ کیریئر کے آغاز میں تھیٹر و اسٹیج ڈرامے کرنے کے دوران دو سال تک معاوضہ نہ ملنے پر انہوں نے اور عادی عدیل نے انڈسٹری چھوڑ کر دبئی میں ملازمت حاصل کرنے کا منصوبہ بنا لیا تھا۔
فیضان شیخ حال ہی میں احمد بٹ کے پوڈکاسٹ میں شریک ہوئے، جہاں انہوں نے مختلف معاملات پر کھل کر گفتگو کی۔
پروگرام کے دوران انہوں نے اس تاثر کو مسترد کیا کہ وہ صرف ایک ہی ٹی وی چینل اے آر وائے کے ساتھ کام کرتے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ انہیں کسی بھی ٹی وی چینل یا پروڈکشن ہاؤس سے اچھی پیش کش ہوتی ہے، وہ وہاں کام کرلیتے ہیں، البتہ وہ ایک ہی ٹی وی چینل اور وہاں کے لوگوں کے ساتھ کام کرنے میں آسانی محسوس کرتے ہیں۔
ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ کیریئر کے آغاز میں وہ اور ان کے دوست عادی عدیل امجد اسٹیج اور تھیٹر ڈرامے کیا کرتے تھے، جہاں اچانک انہیں معاوضہ ملنا بند ہوگیا۔
فیضان شیخ نے انکشاف کیا کہ کیریئر شروع کرنے کے چند سال بعد ہی انہیں تھیٹر پر معاوضہ ملنا بند ہوگیا لیکن وہ اس باوجود کام کرتے رہے۔
ان کے مطابق دو سال تک انہیں اور عادی عدیل کو معاوضہ نہیں ملا لیکن وہ کام کرتے رہے۔
انہوں نے بتایا کہ معاوضہ نہ ملنے پر وہ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں ملازمت کرنے والے اپنے بھائی سے پیسے مانگتے تھے اور پھر انہوں نے ہیں انہیں تھیٹر چھوڑ کر وہاں کام کرنے کا مشورہ دیا۔
اداکارہ کا کہنا تھا کہ بھائی نے ان سے تعلیمی دستاویزات منگوانے کے بعد ان کا ریئل اسٹیٹ کمپنی میں انٹرویو بھی کروایا اور انٹرویو کے لیے ایک ٹیم کراچی بھی آئے اور ان کا انتخاب بھی ہوگیا۔
فیضان شیخ کے مطابق انہیں اور عادی عدیل کو ماہانہ 2500 درہم تنخواہ کی پیش کش کی گئی جو ان کے لیے اس وقت بہت زیادہ تھے اور دونوں نے دبئی جاکر ریئل اسٹیٹ کے شعبے میں سیلزمین بننے کا تہیہ کرلیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ وہ اور عادی عدیل دبئی کے ٹکٹس کے انتظار میں تھے کہ انہیں اچانک اے آر وائے سے ڈرامے کی پیش کش ہوئی، جس کے بعد انہوں نے دبئی جانے کا پروگرام ملتوی کرکے اداکاری شروع کی۔
انہوں نے بتایا کہ ڈرامے میں کام کرنے سے قبل ہی انہوں نے ٹیم سے نہ صرف معاوضہ طے کیا بلکہ ایڈوانس کے طور پر کچھ پیسے بھی لیے، جس کے بعد ہی انہوں نے ڈرامے میں کام کیا۔