بالی وڈ فلم اسٹوڈنٹ آف دی ایئر 2 میں کام کرنے والے اداکار وشال برہما کو کروڑوں روپے مالیت کی منشیات اسمگل کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں گرفتار کرلیا گیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق 32 سالہ وشال برہما 28 ستمبر کو سنگاپور سے چنئی پہنچے تھے جہاں ایئر انٹیلی جنس افسران نے انہیں تلاشی کے لیے روکا۔ چیکنگ کے دوران ان کے ٹرالی بیگ کے نیچے سے ایک ڈبہ ملا جس میں ساڑھے تین کلو گرام کوکین موجود تھی جس کی قیمت 40 کروڑ بھارتی روپے یعنی سوا ارب پاکستانی روپے سے زائد بتائی جاتی ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ وشال کو نائیجیریا کے ایک منشیات اسمگلر گروہ نے پھنسایا۔ اداکار کمبوڈیا میں چھٹیاں گزارنے گئے تھے اور واپسی پر مبینہ طور پر نائیجیرین گینگ نے پیسوں کے عوض انہیں ایک ٹرالی بیگ لے جانے کے لیے کہا، جسے اسمگلنگ کے لیے استعمال کیا گیا۔ پولیس کے مطابق مزید تحقیقات جاری ہیں تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ وشال کا مؤقف درست ہے یا وہ خود کو بچانے کے لیے کہانی بنا رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا نے بتایا کہ وشال برہما نے 2019 میں ریلیز ہونے والی فلم اسٹوڈنٹ آف دی ایئر 2 میں ایک سائیڈ رول ادا کیا تھا۔