وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کا یتیموں، بیواؤں اور غربا کی زمینوں پر قبضے کے خاتمے کیلئے نئی قانونی سازی کا اعلان

0

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر میں زمینوں پر ناجائز قبضے کے خلاف جامع کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اب یتیموں، بیواؤں اور غریب عوام کی زمینوں پر ہونے والے ناجائز قبضے کسی صورت برداشت نہیں کرے گی۔ اس مقصد کے لیے نئی قانون سازی کی جا رہی ہے، جس کے تحت خصوصی عدالتیں قائم کی جائیں گی جو ہر قبضے کے کیس کا فیصلہ 90 دن کے اندر کرنے کی پابند ہوں گی۔ انہوں نے بتایا کہ ناجائز قابضین کے لیے 10 سال قید اور بھاری جرمانے کی سزا تجویز کی گئی ہے تاکہ اس جرم کی حوصلہ شکنی ہو۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پنجاب پولیس میں سی سی ڈی (کاؤنٹر کرائم ڈیپارٹمنٹ) کے قیام سے امن و امان کی صورتحال میں نمایاں بہتری آئی ہے، اور کئی تحصیلوں میں کرائم ریٹ صفر تک آ چکا ہے۔ انہوں نے سرگودھا کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ اب شہری رات کے وقت بھی بلا خوف و خطر باہر نکل سکتے ہیں۔ مریم نواز نے اس بات پر بھی زور دیا کہ ایک خاتون وزیراعلیٰ ہونے کے ناتے وہ پنجاب کو خواتین کے لیے محفوظ ترین صوبہ بنائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے سے نہ صرف راستے صاف ہوئے ہیں بلکہ خواتین کو ہراسگی سے بھی نجات ملی ہے۔

مزید برآں، انہوں نے عوام کو مہنگائی، ذخیرہ اندوزی اور تجاوزات جیسے مسائل سے نجات دلانے کے عزم کا اظہار کیا۔ وزیراعلیٰ نے بتایا کہ گندم کی قیمت 4100 روپے سے کم ہو کر 3100 روپے ہو چکی ہے جو کسانوں اور عوام دونوں کے لیے ریلیف کا باعث بنی ہے۔ سیلاب کے دوران پیرا فورس اور دیگر اداروں کی خدمات پر بھی انہوں نے تعریف کی اور کہا کہ مشکل وقت میں اداروں نے بہترین کارکردگی دکھائی۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ پنجاب پہلا صوبہ ہے جہاں گورننس کا نیا ماڈل متعارف کروایا گیا ہے، جس کا مقصد عوامی مسائل کا بروقت حل اور شفاف نظام حکومت قائم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام اقدامات کا مقصد ایک ایسا پنجاب بنانا ہے جہاں قانون کی حکمرانی ہو، عوام محفوظ ہوں اور کسی بھی کمزور یا بے سہارا شہری کے حق پر ڈاکا نہ ڈالا جا سکے۔

Leave A Reply

Your email address will not be published.