اسلام آباد: چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا سے جنرل منیجر، سوئی ناردرن گیس پرائیویٹ لمیٹڈ (SNGPL) عدنان احمد نے سی ڈی اے ہیڈکوارٹرز میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ممبر انوائرمنٹ اسفندیار بلوچ سمیت دیگر متعلقہ افسران نے بھی شرکت کی۔
ملاقات کے دوران سیکٹر G-6 اور بلیو ایریا میں پرانی اور بوسیدہ گیس پائپ لائنوں کی جگہ نئی گیس پائپ لائنوں کی تنصیب پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ یہ کام مینیجنگ ڈائریکٹر SNGPL کی خصوصی ہدایات پر کیا جا رہا ہے۔ دونوں اداروں نے متفقہ طور پر اس اہم منصوبے کو جلد از جلد دوبارہ شروع کرنے پر اتفاق کیا۔
جنرل منیجر SNGPL عدنان احمد نے بتایا کہ اسلام آباد میں کئی سال بعد گیس انفراسٹرکچر کو اپ گریڈ کرنے کا عمل شروع کیا گیا ہے، جس کا مقصد گیس لیکج، ضیاع میں کمی اور سپلائی کو بہتر بنانا ہے۔
چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا نے منصوبے کو جلد مکمل کرنے کے لیے سی ڈی اے کی مکمل معاونت کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ متعلقہ این او سیز پہلے ہی جاری کیے جا چکے ہیں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ گیس پائپ لائنوں کی تنصیب ہر صورت موسمِ سرما سے قبل مکمل کی جائے تاکہ شہریوں کو سردیوں میں گیس کی قلت کا سامنا نہ ہو۔
انہوں نے مزید کہا کہ کام کے دوران گیس صارفین کو کم سے کم مشکلات پیش آئیں اور گندھارا سٹیزن سینٹر (F-9) میں گیس کنکشن کی جلد فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔ چیئرمین نے غیر قانونی تعمیرات اور ایریاز میں گیس کنکشن کی فراہمی روکنے کی بھی ہدایت جاری کی۔
جنرل منیجر SNGPL نے بتایا کہ ادارہ گیس پریشر میں بہتری اور موسم سرما کے لیے مؤثر حکمت عملی پر عمل پیرا ہے، تاکہ اسلام آباد میں گیس کی بلاتعطل فراہمی کو ممکن بنایا جا سکے۔
اختتام پر، سی ڈی اے اور SNGPL نے باہمی تعاون اور مربوط کوششوں کے ساتھ مستقبل میں بھی مل کر کام کرنے کے عزم کا اعادہ کیا، تاکہ اسلام آباد کے شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی میں بہتری لائی جا سکے۔