سیلاب کے بعد پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں آشوب چشم کی وبا پھیل گئی۔

سیلابی پانی اور گندگی کے باعث خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں آشوب چشم کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے،پشاور،مردان، چارسدہ اورصوابی کے ہسپتالوں میں وبائی مرض کے مریضوں میں اضافہ ہوا ہے،ڈاکٹروں کا کہنا ہےکہ آشوب چشم کی عام علامات میں آنکھوں میں لالی،پانی آنا اور جلن شامل ہیں۔
پشاور کے تین بڑے اسپتالوں کی او پی ڈیز میں روزانہ سینکڑوں مریض آشوب چشم کی شکایت کے ساتھ آرہے ہیں۔
ماہرین صحت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ متاثرہ افراد سے ہاتھ ملانے، تولیہ یا دیگر ذاتی اشیاء کے استعمال سےگریزکریں جبکہ آنکھوں کو بار بار دھوئیں تاکہ مرض کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
